علی پور چٹھہ + منڈی بہاؤ الدین + وزیر آباد (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگاران) علی پور چٹھہ کے نزدیک نہر اپر چناب میں مسافر بس جا گری جس کے نتیجے میں بس کنڈکٹر 22 سالہ ہارون موقع پر جاں بحق جبکہ 32 کے قریب مسافر زخمی ہو گئے۔ بس لاہور سے پھالیہ جا رہی تھی۔ بس میں تقریباً 60 سے زائد مسافر سوار بس تھے۔ بس کا اگلا حصہ پانی میں گرا باقی بس محفوظ رہی۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی علی پورچٹھہ پولیس اور حافظ آباد پھالیہ اور علی پورچٹھہ کی 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ اندھیرے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات رہیں۔ زخمیوں کو علی پور چٹھہ، حافظ آباد اور دیگر ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔