منیلا(شِنہوا) حکام نے کہا ہے کہ فلپائن میں رواں ہفتے کے آغاز میں ٹکرانے والے سمندری طوفان رائی سے ہلاک ہو نے والوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔اتوار کے روز بتایا گیا ہے کہ رواں سال ملک میں سب سے زیادہ شدت کے حامل سمندری طوفان سے ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے کیونکہ علاقوں سے اعدادوشمار جمع کئے جارہے ہیں۔حکام کے مطابق 49 افراد صوبہ بوہال، 6 افراد فلپائن کے وسط میں جنوبی صوبہ لیٹی اور 10 افراد فلپائن کے جنوب میں واقع ڈیناگیٹ جزائر میں ہلاک ہوئے۔ہفتے کو نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این ڈی آر آر ایم سی) نے کہا تھا کہ اسے وسطی اور جنوبی فلپائن سے 31 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ملی تھی، اموات کی تازہ ترین تعداد کے بارے میں اب تک نہیں بتایا گیا۔ سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی رابطے ابھی تک منقطع ہیں جس کی وجہ سے نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل کو علاقائی اور صوبائی دفاتر سے رابطے میں مشکلات کا سامنا ہے۔گورنر بوہال آرتھرو یاپ نے فیس بک پر پوسٹ کئے گئے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ اس وقت مواصلاتی رابطے منقطع ہیں۔