چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمدکاکسٹم ہاؤس تفتان کا دورہ 

Dec 20, 2021


اسلام آباد(خبر نگار خصوصی) چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد نے اپنے کوئٹہ دورہ کے دوسرے روز پاک ایران بارڈر پر مصروف دن گزارا اور ہفتہ کے روز  کسٹم ہاؤس تفتان کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر سعید خان جدون، ممبر (کسٹمز پالیسی) ایف بی آر،  محمد صادق، چیف کلکٹر کسٹمز (بلوچستان) اور  راشد حبیب، کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ کوئٹہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جوزاک ایئر فیلڈ پر اپریزمنٹ اینڈ انفورسمنٹ کلکٹریٹ کے افسران اور عملے نے چیئرمین کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران کرنل اسد، جنرل منیجر این ایل سی کوئٹہ نے چیئرمین کو تفتان میں ٹریفک کے انتظام کے حوالے سے این ایل سی کی طرف سے  کئے گئے مختلف اقدامات اور این ایل سی  کے آئندہ  منصوبوں کے بارے میں  آگاہ کیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے بازارچہ زیرو پوائنٹ کا دورہ کیا اور فرنٹیئر کور اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اسے دوبارہ کھولنے کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بازارچہ کا معاملہ چیف سیکرٹری بلوچستان  کے سامنے بھی پیش کیا جائے گا۔ چیئرمین ایف بی آر  نے پاک ایران سرحد اور تفتان میں نئے قائم کردہ این ایل سی بارڈر ٹرمینل کا دورہ کیا۔ انہوں نے تفتان میں این ایل سی حکام کو ہدایت کی کہ وہ کسٹمز سٹاف، تاجروں اور مسافروں کو سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے کسٹمز بیگیج اینڈ امیگریشن ہال کا دورہ کیا جہاں انہیں ایڈیشنل کلکٹر انفورسمنٹ اور ایف آئی اے حکام  کی طرف سے  بریفنگ دی گئی ۔ انہوں نے نئے تعمیر شدہ کسٹمز کمپلیکس کا  دورہ بھی  کیا اور دور دراز  علاقے میں انفراسٹرکچر کے قیام پر  کلکٹریٹ آف اپریزمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے تفتان میں تعینات افسران اور اہلکاروں کے لئے عمارت میں مناسب رہائش کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تفتان کے دوبارہ دورے سے پہلے فروری 2022 کے اختتام تک اس پروجیکٹ کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مقامی تاجروں کے تعاون سے پاکستان کسٹمز کی طرف سے تعمیر کردہ مسجد کا بھی افتتاح کیا۔ بعد ازاں چیئرمین ایف بی آر نے اعجاز خان سنجرانی کی قیادت میں مقامی اور تفتان، مشخیل اور نوکنڈی کے عمائدین اور معززین کے ساتھ ملاقات  کی۔ انہوں نے مشخیل میں بازارچہ بارڈر پوائنٹ کی بندش پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے مندوبین کو یقین دہانی کرائی کہ بازارچہ تمام اہم  قانونی تقاضوں کی بجا آوری کے بعد  بہت جلد دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے مشخیل  کے معززین کو  بتایا کہ کسٹم سٹیشن کاتاگر کو دوبارہ کھولنے کی منصوبہ بندی تمام متعلقین کی مشاورت سے کی جائے گی۔ چیئرمین ایف بی آر نے ایرانی وفد کے ساتھ انتہائی اہم ملاقات کی جس کی قیادت ایران کے ڈی جی کسٹمز صوبہ سیستان و بلوچستان نے کی۔وفد میں وزارت کامرس، ٹرانسپورٹیشن، فارن افئیرز اور بارڈر سیکیورٹی کے نمائیندگان شامل تھے جن کی طرف سے    ایک چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا گیا۔ انہوں نے ایرانی وفد کو باہمی تعاون  کو مستحکم کرنے میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور پالیسی سطح پر درکار تعاون کو یقینی بنانے میں وفاقی حکومت کو بھی شامل ِکردار کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ انہوں نے چیف کلکٹر کسٹمز (بلوچستان) کو آپریشنل مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں