لاہور (نیوز رپورٹر) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (NTDC) ملک بھر میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو تیزی سے پورا کرنے کے لیے ٹرانسمیشن لائنوں اور گرڈ سٹیشنزکی تعمیر کرکے اپنے ترسیلی نظام کو مستحکم بنا رہی ہے۔ 500کے وی سب سٹیشن فیصل آباد ویسٹ اور 220 کے وی لالیاں گرڈ سٹیشن کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر منظور احمد نے دونوں گرڈ سٹیشنوںکی سائٹس کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ایم ڈی این ٹی ڈی سی کو بتایا گیا کہ اب تک 500 کے وی گرڈ سٹیشن کا 80فیصد تعمیراتی کام اور چنیوٹ کے قریب 220 کے وی لالیاں گرڈ سٹیشن پر تقریباً 60 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ انجینئر منظوراحمد نے این ٹی ڈی سی ٹیم اور دونوں پراجیکٹس کے کنٹریکٹرز کے ساتھ تفصیلی میٹنگ کی اور انہیں مقررہ ٹائم لائنز کو پورا کرنے کے لیے قریبی تعاون کے ذریعے کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔انجینئر منظور احمد نے کہا کہ فیصل آباد ویسٹ میں 500 کے وی گرڈ سٹیشن9379 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے جو 90 ایکڑ اراضی پرمحیط ہے۔ گرڈ سٹیشن پر 750 ایم وی اے کے دو اور 250 ایم وی اے کے 3 ٹرانسفارمرز لگائے جائیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ ایسوسی ایٹڈ 40 کلومیٹر 220کے وی ٹرانسمیشن لائن پر بھی تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ گرڈ سٹیشن کے لیے دو500کے وی ٹرانسمیشن لائنیں پہلے ہی مکمل کی جاچکی ہیں۔دوسرے منصوبے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 220 کے وی گرڈ سٹیشن لالیاں360.77ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ بعد ازاں ایم ڈی این ٹی ڈی سی انجینئر منظور احمد نے دونوں سائٹس پر پودے بھی لگائے۔ زیر تعمیر گرڈ سٹیشنز کے دورے کے موقع پراین ٹی ڈی سی کے سینئر افسران ، نیسپاک اور کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔