راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ بھارت مسلمانوں اور اوآئی سی کا کھلا دشمن ہے مسلمان حکمران بھارت سے یارانے ختم کریں ، مودی او آئی سی کانفرنس کو ناکام کرنے کیلئے سر توڑ سازشیں کررہا ہے ، کوئٹہ تربت کراچی میں دہشت گردی کے سانحات میں بھارتی ہاتھ ملوث ہے ،اوآئی سی ہر محاذ پر ناکام رہی ، ناکامیوں کا تسلسل توڑنے کیلئے مسلم ممالک اپنی دشمنیاں ختم کرنے کا اعلان کریں یمن پر فوج کشی بند کرائی جائے ، دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے ، جنت البقیع سمیت تمام مقامات مقدسہ کی حرمت بحال کرائی جائے ، اسلام نے کچلی ہوئی انسانیت کو حقوق دیکر سرافراز کیا مسلم ممالک میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بند کرایا جائے ،عالم اسلام کے وسائل مسلم ممالک کی ترقی کیلئے خرچ کئے جائیں ، سرزمین حجاز میں غیر اسلامی و غیر شرعی ثقافتوں کی ترویج اور مقامات مقدسہ کی تکریم پر پابندی دوہرا رویہ ہے ، اوآئی سی القدس کو آگ لگانے کے ردعمل میں وجود میں آئی آج پورا عالم اسلام صیہونی و استعماری آگ میںجھلس چکا ہے مسلم ممالک آگے بڑھنے کے بجائے زوال کی جانب گامزن ہیں ،امام زین العابدین علیہ السلام نے اسلام کے تحفظ کیلئے پرامن ترین جدوجہد'عزاداری' کی بنیاد ڈال کر ہر عہد کے مظلومین اور فتح و نصرت کی راہ دکھلائی ، بارگاہ ایزدی میں دعاؤں کیلئے بلند امام زین العابدین کے ہاتھ آج بھی رشد وہدایت کے چراغ بن کر جگمگا رہے ہیں ، 15جمادی الاول کو امام زین العابدین کا یوم علادت پرنور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے ۔ان خیا لات کا اظہا انہوں نے ٹی این ایف جے خیبر پختونخواہ کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔