کراچی: شیرشاہ دھماکا، ملبہ اٹھانے کا کام  جاری‘ مزید2 لاشیں برآمد

Dec 20, 2021


کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے شیرشاہ پراچہ چوک پر گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کے مقام سے ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔ہیوی مشینری کی مدد سے ملبہ اٹھایا جا رہا ہے، پولیس، رینجرز اور ریسکیو ادارے بھی دھماکے کے مقام پر موجود ہیں۔کراچی کے علاقے شیر شاہ میں ہونے والے گیس لیکیج دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ملبے سے مزید 2 افراد کی لاشیں نکال لیں۔دھماکے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جس کی سربراہی ایس پی انویسٹی گیشن کر رہے ہیں۔تحقیقاتی ٹیم دھماکے کے واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرتے ہوئے جائزہ لے گی۔ شیر شاہ کے نجی بینک میں دھماکے کا مقدمہ عمارت کے مالکان اور نالے پر غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کے خلاف قتل خطا اور دیگر الزامات کے تحت سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل سائوتھ زون پولیس شرجیل کھرل کے مطابق ضلع کیماڑی کے سائٹ بی تھانے میں ایف آئی آر نمبر 449/21 ایس ایچ او انسپکٹر زوار حسین کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق مقدمہ زیر دفعہ 322، 337، 427، 34 کے تحت درج کیا گیا ہے، دفعہ 322 قتل خطا کی ہے جس کے تحت نالے پر غیر قانونی تعمیرات کرنے والے نامزد ہیں، غیر قانونی تعمیرات کرنے والے ہی دفعہ337 کے تحت شہریوں کو ہلاک اور زخمی کرنے کے ملزم ہیں۔تعزیرات پاکستان کی دفعہ 427 کے تحت ان ملزمان پر شہریوں کا مالی نقصان کرنے کا الزام بھی ہے۔

مزیدخبریں