کراچی(این این آئی)یونائیٹڈ ورکرز یونین بلدیہ شرقی کے جنرل سیکریٹری وارث گلناز نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان بھر میں بھی کرسمس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور کرسمس قریب آتے ہی یہ تیاریاں عروج پرپہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی قوم نے قیام پاکستان سے لے کر اب تک ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ تعلیم اور صحت کے شعبے میں مسیحی قوم نے بے شمار کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی آفس نشتر پارک میں کرسمس کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کرسمس کا کیک کاٹا گیا۔ مذہبی گیت گائے گئے اور معزز مہمانوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر یونین رہنما ملک اعجاز، قیصر، محمد رشید اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں بھی مانگی گئیں۔