سانحہ شیرشاہ‘ حکومتی بے حسی کی انتہا‘ رانا محمد احسان

کراچی(نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن)سندھ کے سینئر صوبائی نائب صدر رانا محمد احسان نے سانحہ شیرشاہ کو حکومتی بے حسی قراردیتے ہوئے پی پی حکومت پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا  ہے کہ شہر میں غیرقانونی تعمیرات کی بھرمار سے قیمتی جانوں کو خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔ انہوںنے شیرشاہ پراچہ چوک پرہونے والے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور زخمی ہونے کے واقعے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو تمام طبی سہولیات کی مفت فراہمی اور جانبحق ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کراچی میں انسان کی  جان کی کوئی وقعت نہیں ہے، ایک جانب اسٹریٹ کرائم میں ملوث جرائم پیشہ افراد اور پولیس کے ہاتھوں آئے روز کسی نا کسی واقعے میں عام افراد کی ہلاکت تو دوسری جانب قدرتی آفات اور اچانک حادثات سے نمٹنے کیلئے کسی قسم کی ہنگامی امداد اور زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کیلئے موثر انتظامات کا نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے، حکمران پارٹی صرف کراچی کے وسائل کی لوٹ مار اور اختیارات کو کنٹرول کرنے کی جنگ میں مصروف ہے  جبکہ کراچی شہر کے لوگوں کیلئے کسی قسم کے سہولیات نہیں ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت کی 14 سالہ حکمرانی نے شہروں کو کھنڈرات اور دیہات کو پتھر کے دور میں دھکیل دیا ہے۔  انہوں نے شیر شاہ دھماکے میں جانبحق ہونے والے افراد کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبراور زخمیوں کیلئے کامل صحت کی دعا کی۔

ای پیپر دی نیشن