پاکستان افغانستان کیلئے دوسرا کشکول اٹھانے کا متحمل نہیں ہو سکتا‘ جاوید ہاشمی 

Dec 20, 2021


جہانیاں ( نمائندہ نوائے وقت ) مسلم لیگ ن کے رہنما سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ افغانستان دنیا کا ایک سب سے بڑا ایشو بن کر سامنے آرہا ہے یہاں ایک انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے،اقوام متحدہ سمیت پوری عالمی طاقت کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں میں سینئر صحافی چوہدری محمد اسلم دفا مرحوم کے تعزیتی ریفرنس میں شرکت کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چوہدری خلیل احمد گھمن،ارشد جاوید چوہدری اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہاکہ مشرقی پاکستان والوں کا مؤقف تھا کہ ان کے ووٹ کی عزت کو تسلیم کیا جائے لیکن یہ عزت تسلیم نہ کیے جانے پر سانحہ رونما ہوا اور ملک د ولخت ہو گیا،آج وہی مشرقی پاکستان بنگلا دیش بن کر ہم سے بہت آگے نکل گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افغانستان کے ایشو پر او آئی سی کا اجلاس ایک اہم اقدام ہے لیکن ہم کمزور ہیں ہم اکیلے افغانستان کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے ہیں نہ ان کی مدد کرسکتے ہیں ہماری حکومت تو پہلے ہی کشکول لے کر قریہ قریہ گھوم رہی ہے ہم افغانستان کی مدد کی اپیل کیے جانے کی شکل میں دوسرا کشکول اٹھانے کے متحمل نہیں ہو سکے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ اپوزیشن میں آپسی معمولی اختلافات ہیں جو کہ جمہوریت کا حسن ہیں،اپوزیشن کے آگے بڑھنے کا مقصد یہ ہے حکومت بدل دے لیکن اپوزیشن میں اختلاف ہیں،ہم کہتے ہیں کہ عمران خان کو پانچ برس پورے کرنے چاہیں جبکہ کوئی دوسرا کہتا ہے کہ اسے نکال باہر کریں اس بات پر اختلاف ہے لیکن تمام جماعتوں میں اس بات پر اتفاق ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کواپنا کردار محدود کرنا چاہیے، مجموعی طور پر اپوزیشن اپنا رول درست طریقے سے ادا کررہی ہے،ملک میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر پابندی ہے بہت سے بولنے والے اینکرز کو ہٹا دیا گیا،ہم سمجھتے ہیں کہ میڈیا پر پابندی ہے کہ اپوزیشن کے کردار کی درست تصویر عوام کو دکھائی نہیں جا رہی ہے تاہم اپوزیشن اپنا درست رول پلے کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا ایک طوفان برپا ہے،چینی،گھی،کھاد ناپید ہے اب تو ادویات بھی غائب ہو چکی ہیں،سمگلنگ کی وجہ سے ملک میں مہنگائی بڑھ رہی، ملک میں آج تک کسی کا درست احتساب نہ کیا گیا ہے کوئی ایک ادارہ بتا دیں جس کا شفاف طریقے سے ا حتساب ہوا ہو بس پکڑ لیتے ہیں اور جیلوں میں ڈال دیتے ہیں میں نے بھی چار سال جیل کاٹی ہے،میں سمجھتا ہوں اگر ملک میں حتساب درست طریقے سے کیا جائے تو ملک ترقی کی جانب گامزن ہو سکتا ہے وگرنہ نہیں۔تعزیتی ریفرنس میں ڈائریکٹر انفارمیشن لاہور عمران اسلم چوہدری،عرفان اسلم چوہدری،ڈاکٹر عدنان اسلم چوہدری کے والد، جہانیاں کے بزرگ صحافی چوہدری محمد اسلم وفا مرحوم کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں جہانیاں پریس کلب جہانیاں میں تعزیتی ریفرنس و اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔تعزیتی ریفرنس سے بزرگ مسلم لیگی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی،ایم پی اے حاجی عطاء الرحمان،ڈائریکٹر تعلقات عامہ سجاد جہانیہ،خالد جاوید مشہدی،پرنسپل گورنمنٹ کالج جہانیاں ڈاکٹر جاوید اصغر،پروفیسر زبیر احمد،امتیاز علی اسد، محترمہ سمیرا ملک، شکیل احمد ملک،ڈاکٹر عدنان اسلم، راؤ سعادت علی،مولاناوجیہہ الرحمان،خالد شریف گجر اور چوہدری اشفاق احمد سمیت دیگر نامور شخصیات نے خطاب کیاتعزیتی ریفرنس میں۔سید محمد اشرف ادیب مشہدی، غلام یٰسین قادری،چوہدری سعید اقبال،چوہدری وارث باجوہ،خالد حمید سلیمانی،چوہدری سہیل صادق،چوہدری خلیل احمد گھمن،محمد عارف سعید،ڈاکٹر نوید صادق،چوہدری اظہار الحق گل، شبیر احمد شاہد،راؤ انیس احمد،پرنسپل اختر علی، ڈاکٹر اکرم،ڈاکٹر ابرار اقبال،چوہدری ارشد جاوید،چوہدری عبدالغفار قمر،پرنسپل محمد سلیم،شیخ شمشاد علی،سرمد یوسف،ملک امانت علی،راؤ انیس احمد،عبدالمجید رضوی اور چوہدری اسلم وفاء مرحوم کے عزیز و اقارب،اراکین پریس کلب جہانیاں سمیت شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

مزیدخبریں