تفتان ( آئی این پی ) کوئٹہ سے تفتان جانے والی مسافر بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجہ میں خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ 19افراد زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے تفتان آنے والی مسافر کوچ تفتان کے قریب الٹ گئی حادثے میں ایک خاتون مسرت بی بی ساکن چنیوٹ پنجاب جاں بحق ہوگئی جبکہ19افراد زخمی ہوگئے، تحصیلدار تفتان قاضی پرویز اور رسالدار جاوید عیسی زئی نے لیویز نفری کے ہمراہ زخمیوں کو ریسکیو کیا۔ جاں بحق اور زخمی ہونیوالوں کو فوری طور پر بی ایچ یو تفتان منتقل کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر تفتان ظہور احمد محمد حسنی کے مطابق ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمیوں کو دالبندین منتقل کردیا گیا۔ اس سلسلے میں مزید کارروائی کی جارہی ہے ۔