کہوٹہ لاء کالج ملک کا جدید اور معیاری ادارہ ثابت ہو گا: راجہ محمد ظفرالحق

کہوٹہ +کلرسیداں(نامہ نگاران)مؤتمر عالم اسلامی کے جنرل سیکرٹری راجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ کہوٹہ لا کالج ملک کا جدید اور معیاری ادارہ ثابت ہو گا۔ آج ترقی کے لیئے جدید اور معیاری علوم سے آگاہی اشد ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز کہوٹہ لاکالج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں نظامت کے فرائض محمدجاوید چشتی ایڈووکیٹ نے سرانجام دیئے۔ تلاوت کلام پاک قاری بزرگ شاہ الازہری اور نعت قاری محمد یونس نے پڑھی۔تقریب میں نامور اسکالرز، قانون دانوں،علمائے اکرام کے علاوہ سابق رکن اسمبلی راجہ محمد علی،راجہ ایم ستاراللہ ایڈووکیٹ،ڈاکٹر محمد عارف قریشی،راجہ عامر مظہر،علامہ محمد اقبال قریشی،مسعود قریشی،راجہ ظفر محمود،زین العابدین عباس اور دیگر نے شرکت کی۔راجہ محمد ظفرالحق نے کہوٹہ کے دو نامور قانون دانوں سردار محمد اسلم اور راجہ محمد انور کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی محنتی اور دیانتدار لوگ تھے جو نہ صرف اپنے پیشے سے مخلص تھے بلکہ انتہائی دیانتدار اور اخلاص والے لوگ تھے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں نجی شعبہ میں تعلیم کا تصور پیسہ کمانا سمجھا جاتا ہے ڈربے بنا کر طلبہ سے تعلیم کے نام پر پیسے بٹورے جاتے ہیں مگر کہوٹہ لآ کالج ان سے بالکل مختلف ہے اس کی پرشکوہ عمارت جدید لیبارٹری لائبریری پر مبنی یہ حصول علم کا بہترین مرکز ثابت ہو گا۔ 

ای پیپر دی نیشن