فش لزانیا
اجزائ:الزنیا کی پٹیاں چھ سے آٹھ، مچھلی آدھا کلو، نمک حسب ذائقہ،لہسن چار سے چھ جوئے، پیاز دو عدد درمیانی، ٹماٹر پانچ سے چھ عدد، میدہ دو کھانے کے چمچ، سفید مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ، کالی مرچ گدری پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ، چیڈر چیز ایک پیالی، کٹی ہوئی لال مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچ، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ، کوکنگ آئل حسب ضرورت۔
ترکیب: بغیر کانٹے کی مچھلی کو صاف دھو کر اس کے فنگرز کاٹ لیں، پھر اس کو صاف دھو کر اسے نمک، لال مرچ، تین جوئے کچلا ہوا لہسن اور لیموں کے رس سے میرینیٹ کرکے پندرہ سے بیس منٹ رکھیں۔ بڑے کھلے پین میں نمک ملے پانی میں لزانیا کی پٹیوں کو بارہ سے پندرہ منٹ ابالیں اور پانی سے نکال لیں۔اْبلی ہوئی پٹیوں پر برش کی مدد سے کوکنگ آئل لگا کر ٹرے میں رکھ لیں۔ گرل پین یا فرائینگ پین میں ہلکا سا کوکنگ آئل لگا کر مچھلی کو تیز آنچ پر ہلکا سا فرائی کرکے نکال لیں۔ اسی فرائینگ پین میں دو سے تین کھانے کے چمچ کوکنگ آئل ڈال کر ایک منٹ گرم کریں اور اس میں پیاز اور لہسن ڈالیں اور ہلکا سا نرم ہونے تک فرائی کریں۔ پھر اس میں سفید مرچ ، کالی مرچ اور آدھی پیالی کش کیا ہوا چیز ڈال کر چولہے سے اتار لیں۔
ٹماٹر اور ایک پیاز کو چھیل کر گرینڈر میں گرینڈ کر لیں۔ میدہ اور دو کھانے کے چمچ کوکنگ آئل کو بھون کر رکھ لیں۔ گرینڈ کئے ہوئے ٹماٹر کو درمیانی آنچ پر پکنے رکھ دیں، جب ٹماٹر کا اپنا پانی خشک ہو جائے اور پیسٹ گاڑھا ہونے لگے تو اس میں بھنا ہوا میدہ تھوڑا تھوڑا کرکے شامل کر لیں اور چولہے سے اتار لیں۔ شیشے کی اوون پروف ڈش میں تھوڑا سا ٹماٹر کا ساس ڈالیں، اس پر الزانیا کی دو سے تین پٹیاں رکھ کر فرائی کی ہوئی مچھلی رکھیں اور اوپر سے دوبارہ ٹماٹر کا ساس ڈالیں۔ پھر کش کیا ہوا چیز، کٹی ہوئی مرچیں اور دو سے تین کھانے کے چمچ کوکنگ آئل چھڑک دیں۔ اسی طرح دوبارہ تہہ لگائیں اور پندرہ منٹ پہلے سے گرم کئے ہوئے اوون میں 180سینٹی گریڈ پر دس سے بارہ منٹ گرل کرکے نکال لیں۔اس منفرد فش لزانیا کو گرم گرم پیش کریں۔