کراچی(نیوز رپورٹر)سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کو اسپیکر آغا سراج درانی کی زیرصدارت میں ایک گھنٹہ کی تاخیر سے شروع ہوا مگر کارروائی کے آغاز میں بھی کورم پورا نہیں تھا جس کے باعث سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی پانچ منٹ کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ کورم کی نشاندہی پی ٹی آئی کے رکن فردوس شمیم نقوی نے کی تھی ۔ایوان کی کارروائی سے ارکان کی عدم دلچسپی پر اسپیکر آغا سراج درانی نے انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکثر ارکان کے رویہ سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہیں دوبارہ الیکشن میں حصہ لینے اور پھر سے اس ایوان کا رکن بننے سے دلچسپی نہیں ہے اس لئے وہ سندھ اسمبلی کے اجلاس غیر حاضر رہتے ہیں یا بہت زیادہ تاخیر سے آتے ہیں ۔اسپیکر نے کہا کہ بڑی حیران کن بات ہے کہ اپوزیشن پرائیوٹ ممبرز ڈے کے موقع پر اپوزیشن ارکان کی تعداد بہت کم ہوتی ہے حالانکہ اس روز ان کا اپنا بزنس زیادہ ہوتا ہے ۔اسپیکر نے کہا کہ میں صبح سے شام تک ایوان میں بیٹھنے کے لئے تیار ہوں شرط یہ ہے کہ آپ بھی ایوان کو وقت دینے کے لئے تیار ہوں۔ وقفہ سوالات کے دوران متعلقہ محکمہ کے معاون خصوصی فیاض علی بٹ ارکان کے تحریری اور ضمنی سوالوں کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے کئی مواقع پر ان کی مدد کے لئے وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ کو اپنی نشست سے اٹھ کر ارکان کو مطمئن کرنا پڑا۔فیاض علی بٹ نے ایوان کو بتایا کہ سندھ میں گزشتہ دو سال سے دو سال مستحقین کی بائیو میٹرک چل رہی ہے۔جس کے باعث کسی کو ابھی پیسے نہیں دئیے جارہے ہیں۔ بائیو میٹرک کا حکم عدالت نے دیا تھا۔ پی ٹی آئی کے رکن رابستان نے دریافت کیا کہ کراچی کے جناح اور سول اسپتال کو کتنے پیسے دئیے ہیں جس پر معاون خصوصی نے کہا کہ میں بعد میں تفصیلات بھجوا دوں گا۔ ایم کیو ایم کے رکن صداقت حسین کے ایک سوال کے جواب میں فیاض بٹ نے کہا کہ ہمیں بیت المال دو سال سے پیسے ہی نہیں ملے ہیں۔ایک لاکھ دس ہزار مستحقین زکوا ةہیں۔اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے سندھ اسمبلی کے ایوان کو بتایا ہے کہ حکومت سندھ صوبے کے عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولت کی فراہمی کے لئے دن و رات کام کررہی ہے ۔پیپلز بس سروس پورے سندھ میں شروع کررہے ہیں اوراہم روٹس پر کام ہورہا ہے۔ وہ پیر کو سندھ اسمبلی میںایم کیو ایم کے علی خورشیدی کے ایک توجہ دلاو¿ نوٹس کو جواب دے رہے تھے ۔ تحریک انصاف کے ملک شہزاد اعوان نے اپنے ایک توجہ دلاو¿ نوٹس میں کہا کہ آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے ممبر عمران آفریدی کو دس دن پہلے کشمور سے اغواکیا گیا تھا ،اغوا کاروں کی جانب سے دو کروڑ روپے تاوان مانگا گیا ہے ۔انہوں نے پوچھا کہ حکومت سندھ کی جانب سے ٹرانسپورٹر کے تحفظ کے لئے کیا اقدامات کیے جارہے ہیں؟مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ اس کو اغوا نہیں کیا گیا بلکہ ٹریپ کرکے بلایا گیا۔ پارلیمانی سیکرٹری سلیم بلوچ نے کہا کہ یہ آر او پلانٹ باقاعدہ پانی فراہم کررہا ہے اور پلانٹ کو بجلی کا نیا کنکشن بھی فراہم کردیا گیا ہے ۔سندھ اسمبلی نے پیر کو اپنے اجلاس میں سندھ انسانی حقوق ترمیمی بل اورسندھ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی بورڈ بل کی منظوری دیدی قبل ازیں اس بل پر قائمہ کمیٹی برائے قانون نے اپنی رپورٹ پیش کی تھی۔ ایوان کی کارروائی کے دورا ن فیصلہ کیا گیا کہ منگل کوپیپلز پارٹی کی رکن شرمیلا فاروقی کی ایک تحریک التوا پر جو سندھ میں اعلی تعلیم کے معیار سے متعلق ہے اس پر تمام دن بحث کرے گی قبل ازیں وزیر تعلیم سردار شاہ ایوان میں اس حوالے سے پریزنٹیشن دیں گے۔ بعدازاں اسپیکر نے اجلاس منگل کی دوپہر بارہ بجے تک ملتوی کردیا۔ سندھ اسمبلی میں قواعد کے مطابق منگل کو پرائیوٹ ممبرز ڈے ہوتا ہے لیکن شرمیلا فاروقی کی تحریک پر بحث کے باعث اب پرائیوٹ ممبرز ڈے کو بدھ کے روز تک موخر کردیا گیا ہے۔
سندھ اسمبلی اجلاس