اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امورخارجہ کے چیئرمین سینیٹر فاروق حامد نائیک نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پرمودی سرکار کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ سینیٹ سیکریٹریٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ بھارت کی مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے،مسئلہ کشمیر کو موثرطریقے سے اجاگر کرنے اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو گجرات کا قصائی کہنے پر وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے دنیا کی آنکھیں کھول دی ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے نہ صرف مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے بلکہ بھارت کے حقیقی فاشسٹ چہرے کو بھی دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔ چئیرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے امورخارجہ نے کہا کہ نریندر مودی کی ظلم کی داستانوں کے پس منظر میں امریکہ میں نریندر مودی کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی تھی، بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر حل طلب مسئلہ کشمیر کی جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی طرف توجہ دلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فورم کو بڑی مہارت سے استعمال کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے، انہوں نے بڑی مہارت سے دنیا کو دکھایا کہ ہندوستان، 'نام نہاد سب سے بڑی جمہوریت اور ایک سیکولر ریاست' دراصل ایک انتہا پسند آر ایس ایس کی زیر قیادت ہجوم کی مانند ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امورخارجہ کے چیئرمین نے بے بنیاد الزامات کے تحت نظر بند حریت رہنما محمد یاسین ملک اور دیگر تمام کشمیری رہنماﺅں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیری قیادت کو من گھڑت مقدمات میں پھنسانے اور قید کرنے کی مذموم کوششیں نہ تو کشمیریوں کے حوصلے پست کرسکیں گی اور نہ ہی حق خودارادیت کیلئے ان کی جائز جدوجہد کو متاثر کرسکیں گی۔ سینیٹر فاروق نائیک نے کہا کہ مودی سرکار اوچھے ہتھکنڈوں سے حق خوداردیت کیلئے بہادرکشمیریوں کی جدوجہد آزدی کو متاثر نہیں کرسکتی، عالمی برادری مسلمانوں اور کشمیریوں پر بھارت کے مظالم کا نوٹس لے۔ چئیرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے امورخارجہ نے کہا کہ عالمی برادری مودی سرکار پر دباﺅ ڈالے کہ وہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور زیادتیوں کو روکے، عالمی برادری سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت کشمیریوں کو ان کا حق دے۔
فاروق نائیک