اسلام آباد(اے پی پی)بینکوں کے ڈیپازٹس ، مختصر مدت کے قرضوں اور سرمایہ کاری میں نومبر کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق نومبر کے مہینے میں بینکوں کےڈیپازٹس کا حجم 22732 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ سال نومبر کے مقابلہ میں 15.6 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں بینکوں کے ڈیپازٹس کا حجم 19668ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اکتوبر کے مقابلہ میں نومبر میں بینکوں کے ڈیپازٹس میں ماہانہ بنیادوں پر 1.4 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق نومبر میں بینکوں کے مختصر مدت کے قرضوں میں 15 فیصد کی نمو دیکھنے میں آئی ہے۔ نومبر میں بینکوں کے مختصر مدت کےقرضوں کا حجم 11092 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ سال نومبرمیں 9646 ارب روپے تھا۔ اکتوبر کے مقابلہ میں نومبر میں بینکوں کے مختصر مدت کے قرضوں کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پر 0.4 فیصد کی نمو دیکھنے میں آیا ہے۔ اکتوبر میں بینکوں کے مختصر مدت کے قرضوں کا حجم 11052 ارب روپے تھا جو نومبر میں بڑھ کر 11092 ارب روپے ہو گیا ۔ سٹیٹ بینک کے مطابق نومبر کے مہینے میں بینکوں کی سرمایہ کاری (سٹاک) میں سالانہ بنیادوں پر 36.3 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ نومبر میں بینکوں کی سرمایہ کاری کا حجم 18483 ارب روپے ریکارڈ کیاگیا ہے جو گزشتہ سال نومبر میں 13556 ارب روپے تھا۔ اکتوبر کے مقابلہ میں نومبر میں بینکوں کی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیادوں پر 1.1 فیصد کی نمو ہوئی ہے۔ اکتوبر میں بینکوں کی سرمایہ کاری کا حجم 18285 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو نومبر میں بڑھ کر 18483 ارب روپے ہو گیا
بینکس ڈیپازٹس ، قرضوں سرمایہ کاری میں اضافہ
Dec 20, 2022