اجلاس 4 گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا‘ متعلقہ وزیر غیر حاضر ہونے پر محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے بارے میں سوالات م¶خر


لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شہر لاہور میں فضائی آلودگی پر حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ سموگ نے ماحول کو متاثر کیا ہے، تاہم حکومت اس کے تدارک کےلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، جبکہ مسیحی برادری کو کرسمس سے قبل تنخواہیں ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ مسودہ قانون اور مختلف شعبوں کی سالانہ رپورٹس بھی پیش کی گئی ہیں۔ اجلاس میں محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے بارے میں سوالوں کے جوابات دیئے جانے تھے تاہم متعلقہ وزیر غیرحاضر ہونے کے باعث سوالات موخر کر دیئے گئے۔ اجلاس چار گھنٹے کی تاخیر سے پینل آف چیئر مین میاں محمد شفیع کی صدارت میں شروع ہوا۔ نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ لاہور میں سموگ بہت ماحول کو متاثر کررہی ہے، سموگ کے باعث ہیوی ٹریفک کی ٹائمنگ مقرر کردی گئی ہے، چھ وہیکلز دھواں چھوڑنے والوں کے خلاف کارروائیاں کررہی ہے، دھواں چھوڑنے والی درجنوں فیکٹریاں سیل کرکے جرمانہ بھی کئے، بھٹوں کو زیادہ سے زیادہ زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کررہے ہیں، فصلوں کی باقیات کو آگ لگائی جاتی تو ذمہ دار ڈپٹی کمشنر کو قرار دیا جاتا رہا، فصلوں کو جلانے کے بجائے جدید مشینری امپورٹ کرکے کم قیمت پر کسانوں کو فراہم کریں گے۔ مسودہ قانون ٹوبہ ٹیک سنگھ یونیورسٹی 2022ءپیش کر دیا گیا، یہ صوبائی وزیر راجہ بشارت نے پیش کیا۔ پنجاب پبلک سروس کمشن کی سالانہ رپورٹس 2019-21ایوان میں پیش کردی گئیں، گوجرانوالہ ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی ، بہاولپور اور فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کی سالانہ رپورٹس نیشنل فنانس کمشن ایوارڈ کے نفاذ کی ششماہی کی مانیٹرنگ کی رپورٹ 2018-2019ایوان میں پیش کر دی گئی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی سالانہ رپورٹ 2017ءایوان میں پیش کر دی گئی۔ جنرل پروویڈنٹ انویسٹمنٹ فنڈ پنجاب کی سالانہ رپورٹ 2017-18ءمحتسب پنجاب کی سالانہ رپورٹ برائے سال 20-21ءایوان میں پیش کردی گئی۔ نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے مولانا الیاس چنیوٹی نے کہا کہ چنیوٹ فیصل آباد روڈ تعطل کا شکار ہے بجٹ میں روڈ کو اے ڈی پی میں شامل کیا جائے۔ نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے طاہر خلیل سندھو اور طارق گل نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی بھائیوں کو تنخواہیں نہیں دی جا رہیں، خوشی کا موقع ہے اور ہم لوگ سو رہے ہوتے ہیں اور وہ ہماری خدمت کررہے ہوتے ہیں۔ راجہ بشارت نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ایک دو روز میں انہیں تنخواہیں ادا کردی جائیں گی۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر پینل آف چیئرمین نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا۔
پنجاب اسمبلی

ای پیپر دی نیشن