لاہور(سپیشل رپورٹر)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مرحومہ سرکاری ملازمہ کی جگہ خاوند کو نوکری دینے کے عدالت عالیہ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے حکومت پنجاب کی اپیل مسترد کردی ۔مرحومہ کے خاوند کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت عالیہ کے سنگل بنچ نے درخواست گزار محمد صدیق کو اسکی اہلیہ کی جگہ نوکری دینے کا حکم دیا تھا ۔محکمہ کی عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل قانون کی خلاف ورزی ہے ۔قانون میں مرد یا عورت کا کوئی تصور نہیں ہے ۔اسی بنیاد پر عدالت عالیہ نے فیصلہ ہمارے حق میں دیا سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ قانون میں مرد سرکاری ملازم کی جگہ بیٹے یا بیوی کو نوکری دینے کا ذکر ہے ۔قانون میں خاتون سرکاری ملازمہ کی جگہ خاوند کو نوکری کا کوئی ذکر موجود نہیں،عدالت عالیہ کے سنگل بنچ کا فیصلہ خلاف قانون ہے اپیل منظور کی جائے۔
مرحومہ سرکاری ملازمہ کی جگہ خاوند کو نوکری دینے پر ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار
Dec 20, 2022