کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)، پاک سرزمین پارٹی اور فاروق ستار کے گروپوں کو آپس میں ملانے پر کام شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق گورنرہاؤس ایم کیو ایم پاکستان سے متعلق سرگرمیوں کا مرکز بن گیا اور گورنر سندھ تینوں گروپوں کے رہنماؤں سے مسلسل ملاقاتیں کررہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد مقبول، فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال چند دنوں میں کئی بار گورنر سندھ سے ملے ہیں۔ گزشتہ روز بھی فاروق ستار نے ملاقات کی اور شہر کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ گورنر سندھ نے فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کو ایم کیو ایم میں واپسی کی دعوت دی ہے۔ ذرائع کے مطابق تینوں گروپ ایم کیو ایم کو ایک کرنے پر رضامند ہیں اور متفقہ قیادت پر مشاورت جاری ہے۔