خیبر پی کے‘ اپوزیشن نے گورنر راج لگانے‘ عدم اعتماد نہ لانے کی تجاویز دے دیں

Dec 20, 2022


پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے میں اپوزیشن جماعتوں نے مشاورت کے بعد مزکری قیادت کو وزیراعلی خیبر پی کے کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہ لانے اور الیکشن کی بجائے گورنر راج لگانے کی تجویز دی ہے۔ خیبر پختونخوا میں آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے اپوزیشن جماعتوں میں رابطے شروع ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اے این پی، جے یو آئی اور مسلم لیگ نواز کے درمیان رابطہ ہوا ہے اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن ارکان میں وزیراعلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہ لانے اور اسمبلی تحلیل ہونے کی صورت میں گورنر راج لگانے کے حوالے سے مشاورت کی گئی ہے، تاہم حتمی فیصلہ مرکزی لیڈرشپ کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے خیبرپختونخو اسمبلی میں لیگی رکن اختیار ولی نے بتایا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے لیے چھ روز کا وقت دیا گیا ہے، یعنی عمران خان اسمبلیوں کی تحلیل نہیں چاہتے کہ اگر یہ حکومت ختم کر دیں تو ان کے مزے ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کے لیے لائحہ عمل کے لیے مشاورت جاری ہے اور جو فیصلہ ہوا مرکزی قیادت کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتیں اسمبلی کیلئے ریکوزیشن جمع نہیں کرائیں گی۔

مزیدخبریں