لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ نون لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے قوم کو دلفریب نعروں اور وعدوں سے دھوکے دئیے، تینوں حکمران جماعتیں اسی سٹیٹس کو کی محافظ ہیں جسے توڑے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کے کرشمے سے حکومت بنانے والی تمام پارٹیاں عوام دشمن ثابت ہوئی ہیں اور وہ صرف اشرافیہ کے مفادات کا تحفظ کرتی ہیں۔ملک کا نوجوان، کسان، مزدور سمیت ہر طبقہ حکمرانوں سے مایوس ہوچکا ہے۔پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے ملک و قوم کو معاشی تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔ غریب عوام دو وقت کی روٹی کی تلاش میں مشکلات سے دوچار ہیں۔آٹا، چینی، گھلی سمیت بجلی و گیس کے بلوں نے لوگوں کو ذہنی مریض بنادیا ہے۔ نوجوان طبقہ روزگا ر نہ ہونے کی وجہ سے جرائم کی طرف مائل ہورہا ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی پی 149 کے زیر اہتمام عالیہ ٹاؤن پارک میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکر ز کنونشن میں صدر سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد، سیکرٹری سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور عامر نثار خان، امیدوار این اے 120 ذوالفقار ایڈوکیٹ، امیدوار پی پی 149 زاہد شباب بٹ، صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر امیر پی پی 149 حافظ سلیم، محمد شفیق، محمد اشفاق، ناصر جٹ، حافظ شاہد ایڈوکیٹ، حاجی عبدالمنان، اخلاق خان، چوہدری سجاد گھر نوید چوہدری، زاہدعلی، سلمان خان، عطائ اللہ درانی، محمد اکرم، وسیم بٹ، احمد رضا، افتخار سمیت دیگر بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی۔
تینوں حکمران جماعتیں صرف سٹیٹس کو کی محافظ ہیں : ضیاء الدین ایڈوکیٹ
Dec 20, 2022