لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے ستلج سے سندھ تک، پنجاب کی تعمیر وترقی کے سب سے بڑے تاریخی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف شہروں کو موٹروے سے منسلک کرنے کا شاندار منصوبہ تیار کر لیا ہے اور منصوبے کی تکمیل سے لاکھوں کاشتکاروں، تاجروں، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے لئے ترقی اور خوشحالی کا نیا باب کھلے گا۔ 7اضلاع کے لئے ستلج انڈس اکنامک نیٹ ورک پراجیکٹ (SIEN) کی منظوری دے دی ہے۔ 160ارب روپے کی لاگت سے”سین“ (SIEN) پراجیکٹ مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔7 اضلاع قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، لودھراں اور بہاولپور موٹرویز، جی ٹی روڈز اور انڈس ہائی وے سے منسلک ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں قصور بائی پاس تا لاہور رنگ روڈ جی ون ”سین“ کوریڈور مکمل کیا جائے گا۔ قصور بائی پاس تا لاہور رنگ روڈ جی ون ”سین“ کوریڈور پر 15ارب روپے لاگت آئے گی۔ پنجاب کے دور دراز 7اضلاع ایم ٹو، ایم تھری، ایم فور، ایم فائیو اور ایم الیون موٹروے سے منسلک ہو جائیں گے۔ ”سین“ پراجیکٹ کے ذریعے 49فیصد اجناس پیدا کرنے والی منڈیوں کی موٹروے کے ذریعے رسائی بہتر ہوگی۔ 7 اضلاع میں خوراک، زراعت اور میٹل پراڈکٹ کے 3431 انڈسٹریل یونٹس کو فروغ ملے گا۔7اضلاع کے 9قصبوں اور چھوٹے شہروں میں کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی۔ نارتھ، ساو¿تھ کوریڈور دیپالپور، پاکپتن، وہاڑی ملتان روڈ اور ہیڈ سلیمانکی، منچن آباد، پہاولپور اور بہاولنگر روڈ کو منسلک کرے گا۔ پنجاب کے پسماندہ اور دور دراز اضلاع میں ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہونے سے بڑے شہروں پر دباو¿ کم ہوگا۔ الہ آباد براستہ چونیاں، پتوکی اور ہلہ جڑانوالہ انٹرچینج موٹروے ایم تھری سے منسلک کیا جائے گا۔ شرقپور انٹرچینج ایم تھری موٹروے کو رائیونڈ روڈ، رنگ روڈ سے منسلک کیا جائے گا۔ ”سین“ پراجیکٹس سے پنجاب کے 7اضلاع میں زرعی، صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ پاکپتن اور اوکاڑہ میں سپیشلائز پوٹیٹو مشینری سنٹر بننے سے آلو کے کاشتکاروں کو معاشی فائدہ ہوگا۔ بہاولنگر میں سولر ڈرائیر اور کلر سارٹر لگنے سے سرخ مرچ کے کاشتکار فصل کی بہتر قیمت لے سکیں گے۔ وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ کو ایگرو انڈسٹریل پارک میں تبدیل کیا جائے گا۔ قصور کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ اور ڈرائی پورٹ میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ پاکپتن میں ملٹی ماڈل فریٹ ٹرمینل قائم کیا جائے گا۔ بہاولنگر اور اوکاڑہ میں ایگرو انڈسٹریل پارکس قائم کئے جائیں گے۔
پرویزالٰہی
7اضلاع کو موٹرویز،جی ٹی روڈز سے منسلک کرنے کا بڑا منصوبہ منظور،ترقی کا نیا باب کھلے گا:پرویز الہیٰ
Dec 20, 2022