اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔ صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہوتی ہیں تو آئین و قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات مردم شماری کی تکمیل کے بعد ہی ہونگے۔ انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ الیکشن کمشن نے کرنا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات اور ڈالر کی قیمت میں واضح کمی آئی ہے اور معاشی اشاریوںکو درست سمت پر لانے کیلئے کوشاں ہیں۔ 40 ماہ کی اقتصادی تباہی کو چھ یا سات ہفتے میں ٹھیک نہیں کیا جا سکتا ہے‘ لیکن ہم عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن کوشش کر رہے ہیں۔ وفاقی حکومت مردم شماری کیلئے فنڈز جاری کر چکی ہے۔ پنجاب میں دو تہائی اکثریت لے سکتے ہیں۔ ہمارے پاس جادو کی چھڑی نہیں کہ ہر چیز ٹھیک کر لیں۔ سندھ، بلوچستان کے مردم شماری پر تحفظات ہیں۔ عدالت یا الیکشن کمشن کوئی راستہ نکالے تو تمام جماعتیں انتخابات میں حصہ لے سکتی ہیں۔ دریں اثناءوزیر خزانہ نے میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر خان، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق مسعود ملک، ایس اے پی ایم برائے خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری پاور اور اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں بجلی اور گیس کے شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے کے لیے متعلقہ وزارتوں کی جانب سے پیش کردہ قابل عمل تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمہوریہ انڈونیشیا کے سفیر نے وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر خزانہ اور جمہوریہ انڈونیشیا کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ جمہوریہ انڈونیشیا کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے دو طرفہ تعلقات پر زور دیا اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تبادلہ خیال کیا۔ ایٹین ایلیٹ رئیل اسٹیٹ کے سی ای او طارق حامدی نے بھی اسحاق ڈر سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ طارق باجوہ، سلیم سیف اللہ، سابق سینیٹر سلیم فرخ، ماہر معاشیات اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ سی ای او طارق حامدی نے مصری تاجروں کی پاکستان میں دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار
پٹرول،ڈالر کی قیمت میں واضح کمی آئی،انتخابات مردم شماری کے بعد ہوں گے:اسحاق ڈار
Dec 20, 2022