انتخانات جلد نظر نہیں آرہے،پرویز الہیٰ چار پانچ ماہ نکال سکتے ہیں:شجاعت

Dec 20, 2022


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف اور سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقاتیں اچھی رہیں۔ عام انتخابات جلد نظر نہیں آرہے۔ چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ اگلے تین سے چار روز تک سیاسی رابطے اور ملاقاتیں جاری رہیں گے۔ پنجاب کے معاملے پر ٹینشن زیادہ بنی ہے‘ لیکن جلد حل نکل آئے گا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں سالک حسین‘ عطا تارڑ اور ملک احمد خان بھی موجود تھے۔ بعدازاں گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت نے کہا کہ مستقبل کا سیاسی لائحہ عمل مل بیٹھ کر طے کریں گے۔ پنجاب میں اچھا ہی ہونے جا رہا ہے۔ پی پی اور (ن) لیگ عدم اعتماد یا اعتماد کے ووٹ دونوں آپشن پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی، (ن) لیگ کے پاس اور بھی آپشن ہوں گے۔ مجھے دونوں جماعتوں نے دو ہی آپشن بتائے ہیں۔ جن کے پاس عدم اعتماد کے ووٹ پورے نہیں‘ وہ اپنا نمبر پورا کریںگے۔ جس کے پاس ووٹ پورے ہوئے وہ بچ جائے گا۔ چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی اگر فیصلہ کرتے ہیں تو چار پانچ ماہ نکال سکتے ہیں۔ مجھے عام انتخابات جلد نظر نہیں آرہے۔ کچھ لوگ اسمبلیاں توڑنے اور کچھ بچانے پر تلے ہیں۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ پرویزالٰہی کیلئے گنجائش کا مسئلہ نہیں۔ مسئلہ تو سیاسی جماعتوں کا ہے۔ ایک عدم اعتماد اور دوسری اعتماد کے ووٹ کی تحریک لانا چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان عقلمند آدمی ہیں۔ انہیں کسی مشورے کی ضرورت نہیں۔ اتوار کی ملاقاتوں میں اچھی باتیں ہوئیں۔ کوئی منفی بات نہیں ہوئی۔ مستقبل کا لائحہ عمل مل بیٹھ کر طے کریں گے۔ پنجاب میں اچھا ہی ہونے جا رہا ہے۔
شجاعت

مزیدخبریں