اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) نیشنل پولیس بیورو کے زیر اہتمام پولیس شہداء کو خرا ج عقیدت پیش کرنے کے لئے تین روزہ آل پاکستان شہدائے پولیس میموریل شوٹنگ کے مقابلوں کے حوالے سے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ،تقریب میں ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورو ڈاکٹر نجف قلی مرزا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب کے دوران شہید پولیس افسر کے بیٹے نے فائر کرکے مقابلوں کا باقاعدہ افتتاح کیا، مقا بلے کی ٹرافی کی تقریب رونمائی شہید پولیس افسر کی فیملی نے کی،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورونے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پولیس کے افسران و جوانوں کی امن وامان کی صورتحال کوبرقرار رکھنے کیلئے لازوال قربانیوں کی یاد میں آج 4th آل پاکستان شہدائے پولیس میموریل شوٹنگ مقابلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے، جس میں ملک بھر سے 10 پولیس ٹیموں کے 55مرد اور 45خواتین حصہ لے رہی ہیں،ان ٹیموں کے درمیان سنائپر، رائفل اور پسٹل کی مختلف کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے، اسلام آباد کیپیٹل پولیس مقابلے میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔