عمران خان صاحب کی سیاست کچھ ایسے کیمیائی اور طبیعاتی عناصر کا مرکب ہے جو ہماری نہایت ہی مشّاق سیاسی تجربہ گاہ کیلئے بھی عجوبے سے کم نہیں۔
نظام حکومت صدارتی ہو یا پارلیمانی یا کچھ اور، اگر وہ اپنا رشتہ جمہوریت سے جوڑتا ہے تو لازم ہے کہ وہ عوام کی رائے کا احترام کرے، ووٹ کی طاقت کو تسلیم کرے اور اس دستاویز مقدس کے تقاضوں کی پاسداری کرے جسے آئین کہتے ہیں۔ جمہوری سیاست بالعموم فراخ قلبی، کشادہ ظرفی، نرم خوئی اور ایثار کیشی کا تقاضا کرتی ہے۔ تحمل، لچک، مفاہمت، مصلحت، مروّت، بردباری، رواداری اور خوئے دلنوازی اِس کے بنیادی اجزائے ترکیبی ہیں۔ پاکستانی سیاست میں دسترخوان اور ڈیرہ داری کو بھی بڑی اہمیت حاصل ہے۔ شادی بیاہ اور رنج وغم میں شرکت ہماری سیاسی ثقافت کا لازمہ ہیں۔ یہ بات اب کوئی راز نہیں رہی کہ عمران خان کی لُغتِ سیاست اِن تمام الفاظ وتراکیب سے ناآشنا ہے۔ ہر آن ہنگامہ وپیکار بپا کرنے اور پیہم کوچہ وبازار کو بازی گاہ بنائے رکھنے والی ’پارلیمان بیزار‘ سیاست اُن کے رگ وپے میں رچی بسی ہے۔ عمران خان کی افتادِ طبع میں ’’یا اپنا گریباں چاک، یا دامنِ یزداں چاک‘‘کا ایک ایسا خودکار میکانکی نظام کارفرما ہے جو ٹھہرائو کے ایک خاص درجہ سکون تک پہنچتے ہی متحرک ہوجاتا اور اُن کے لہو کو گرم رکھنے کا کوئی بہانہ دے جاتا ہے۔ خان صاحب کے بقول تقریباً پونے چار برس کی حکمرانی، اُن کی چھبیس سالہ طویل اور صبرآزما جدوجہد کا ثمرتھی۔ تاریخ اِسکی تائید نہیں کرتی۔ اُنکی چھبیس سالہ سیاست میں ہمیں طوالت تو نظرآتی ہے لیکن صبرآزمائی اور جُہدِ مسلسل نام کی کوئی شے نہیں ملتی۔ اپریل 1996ء میں انہوں نے تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔ اگلے ہی برس 1997ء میں انتخابات کا نقارہ بجا۔ عمران خان اکھاڑے میں اترے۔ خود بھی ہار گئے اور پارٹی کے تمام نامزد امیدوار بھی۔ پہلا ہی تجربہ منہ کا ذائقہ خراب کرگیا۔ پارٹی کی عمر صرف تین سال تھی جب 1999ء میں خان صاحب کا پالا پہلے بڑے امتحان سے پڑا۔ جنرل پرویزمشرف نے آئین توڑ ا، حکومت کا تختہ اُلٹا اور اقتدار پر قبضہ کرلیا۔
عمران خان نے آئو دیکھا نہ تائو ، اپنی نوزائیدہ انقلابی جماعت کا توشہ خانہ اٹھایا اور آئین شکن آمر کے پلڑے میں ڈال دیا۔ یہ اُنکی ’’طویل اور صبرآزما‘‘ جدوجہد کا پہلا سنگِ میل تھا۔ عمران خان کم وبیش تین سال دربارِ آمریت کے قوّالوں میں شامل رہے۔ اُن کے دِل میں ’’قانون وانصاف کی عملداری‘‘ کے احساس نے تب بھی انگڑائی نہ لی جب مشرف نے چیف جسٹس سمیت متعدد ججوں کو فارغ کرکے خانہ ساز عدلیہ تشکیل دی، َمن پسند فیصلے لئے، آئین کی چیر پھاڑ کرتے ہوئے جمہوری پارلیمانی نظام کے بخیے اُدھیڑ ے، مخالفین کو زِندانوں اور قلعوں کے تہہ خانوں میں ڈالا، سیاسی جماعتوں کو نیب کے عقوبت خانوں کی نذر کیا اور سیاسی حواریوں کا ایک طائفہ تراشا۔ جمہوری تاخت وتاراج کے اِس سارے عہدِ نامُراد میں پرویز مشرف کی بلائیں لیتے ہوئے عمران خان کی پیشانی پر عرقِ ندامت کی نمی تک نہ آئی۔ وہ حریصانہ اور والہانہ خودسپردگی کے ساتھ مشرف کے کانوں میں رَس گھولتے اور اپنی کِشتِ آرزو کو آمریت نوازی کے آبِ زر سے سینچتے رہے۔2002ء میں، ریفرنڈم کی َمشقِ ملامت، ایوب خان اور ضیاء الحق سے ہوتی ہوئی، مشرف تک پہنچی تو وہ بے حجاب ہی نہیں، مکمل طور پر بے لباس بھی ہوچکی تھی۔ یہ ہماری تاریخ کا نہایت ہی مضحکہ خیز اور حیا باختہ تماشا تھا۔ اِس تماشے کے سرخیلوں میں دو کردار سب سے نمایاں تھے۔ ایک حضرت علاّمہ طاہرالقادری اور دوسرے عمران خان۔ دونوں کے دِل میں دَرجاتِ بلند کا جوالا مکھی دہک رہا تھا۔ دونوں انتخابی ناکامی کے تلخ تجربے سے گزر چکے تھے۔ اِس ’’صبرآزما اور طویل جدوجہد‘‘ کا ثمر یہ ملا کہ دونوںقومی اسمبلی کے ایوان میں داخل ہوگئے۔
یہاں سے خان صاحب کی پارلیمانی زندگی کا آغاز ہوا۔ اسمبلی میں نووارد ہونے کے باوجود وہ کوئی نوخیز نہ تھے۔ پچاس برس کی عمر پاچکے تھے۔ چھ برس سے جماعت کی قیادت کررہے تھے۔ اپنی سیاسی زنبیل میں دعووں، وعدوں، نعروں، نظریوں اور اصولوں کا اچھا خاصا اثاثہ اٹھائے پھرتے تھے۔ سیاست کا کوئی طالب علم چاہے تو میں پارلیمنٹ ہائوس کی لائبریریوں اور ریکارڈ تک رسائی میں اُس کی مدد کرسکتا ہوں۔ وہ ساری دستاویزات کَھنگال کر دیکھے کہ 2002ء سے 2007ء تک خان صاحب، کتنی بار ایوان میں آئے، کس کس قانون سازی میں حصہ لیا، اہم قومی موضوعات کے مباحثوں میں کتنی بار شرکت کی، کتنی بار ایسی تقاریر کیں جو یادگار سمجھی جاتیں۔ کم لوگوں کو علم ہوگا کہ عمران خان کو قومی اسمبلی کی دونہایت اہم قائمہ کمیٹیوں کی رُکنیت سونپی گئی۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی اور کشمیر کمیٹی۔ دیکھنا چاہئے کہ خان صاحب کتنی بار پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں گئے؟ کس کے احتساب کے لئے کیا کردار ادا کیا؟ کرپشن کے سدِّباب کے لئے کتنی موثرراہنمائی فرمائی؟ اور اِن اَرفع مقاصد کے لئے کتنے بِل پیش کئے۔ کشمیر کمیٹی کا احوال اس سے بھی گیاگزرا ہے۔ کم وبیش پانچ سال تک ایوان ہو یا قائمہ کمیٹی یا کوئی اور پارلیمانی وظیفہ، خان صاحب نے کسی کو پرِکاہ کے برابر بھی اہمیت نہیں دی۔ یہ بے آب ورنگ سے خرخشے ان کی خوئے پیکار کو جچتے ہی نہ تھے۔ سو! 2002ء میں حلف اٹھانے اور 2007ء میں مستعفی ہوجانے کے درمیانی عرصے میں تنخواہوں اور مراعات کے حصول کے سوا اُن کا اور کوئی کردار نظر نہیں آیا۔ اُن کا کمالِ فن یہ ہے کہ اب تک وہ تین بار قومی اسمبلی کے رُکن چنے گئے، تینوں بار جلد یا بدیر مستعفی ہوکر سڑکوں اور چوراہوں میں آگئے۔
2008ء کے انتخابات میں انہوں نے حِصّہ ہی نہ لیا۔ بس یہ آس لگا کر بیٹھ گئے کہ کبھی تو کوئی گھٹا اُن کی کِشتِ وِیراں کا رُخ کرے گی۔ کرنا خدا کا کیا ہوا کہ ایک دن خان صاحب بنی گالہ کی پہاڑی چوٹی پر اپنے گھر کے کشادہ لان میں دھوپ سینک رہے تھے۔ موسموں کو اپنی مرضی کا پیرہن پہنانے اور خیابانِ سیاست میں مرضی کے لالہ وگل کھلانے والی چنچل ہوائیں پائلیں چَھنکاتیںپہاڑی شادابیوں سے کھیل رہی تھیں کہ اُن کی نظر خان صاحب پر پڑی۔ یکایک دِل دے بیٹھیں۔ 2011ء کے لاہوری جلسے سے 2018ء میں ’آر۔ٹی۔ایس‘ کی مرگِ ناگہانی تک کی داستان، خان صاحب کی ’’صبرآزما جدوجہد‘‘ کی کہانی نہیں، اُنہی شوخ ہوائوں کی فتنہ سامانی تھی۔ نوازشریف سے بیر رکھنے والوں کا قبیلہ اُن ہوائوں میں خوشبوئیں بھرنے لگا۔ دانشوروں کی فریفتگی، کالم نگاروں کی شیفتگی اور اِبنائے وقت کی وارفتگی جذبِ فراواں سے چھلکنے لگی۔ عمران خان وزیراعظم بن گئے۔ پارلیمانی زبان میں اُنہیں قائدِایوان، چُن لیاگیا۔ 1996ء سے 2018ء تک کے بائیس برسوں میں اُن کی ’’صبرآزما جدوجہد‘‘نے ابتلاوآزمائش، گرفتاریوں، تھانوں، کچہریوں، عدالتوں، زندانوں اور جلاوطنیوں کا کوئی مرحلہ نہیں دیکھا۔
اپریل 2022 ء میں ایک جمہوری آئینی مشق کے ذریعے ایوان کی قیادت سے محروم ہونے اور وزارت عظمٰی سے فراغت کے بعد ان پر ’’ماہیِ بے آب‘‘ کی کیفیت طاری ہے۔ ایوان موجود ہے۔ پارلیمان کام کررہی ہے لیکن پارلیمانی کردار، اُنکے دَستور سیاست سے خارج ہے۔ سو! وہ جلسوں، جلوسوں، تقریروں اور لانگ مارچوں سے ہوتے ہوئے خودشکنی کے ایک نئے سنگ میل تک آپہنچے ہیں۔ استاد ذوق نے کہا تھا
سے بھی اس بساط میں کم ہوں گے بَدقمار
جو چال ہم چلے، سونہایت بُری چلے
قمار خانوں کی روایت رہی ہے کہ ہارنے والا بدقمار جواری اپنی ہار اور بدقماری کے اسباب پر غور کرنے کے بجائے گھر کی آخری جمع پونجی بھی قمار خانے میں اٹھالاتا ہے۔ سو! خان صاحب، تمام پتے کھیلنے اور ہارجانے کے بعد اپنی بچی کھچی دواسمبلیاں بھی دائو پر لگانے سرِبساط لے آئے۔ مسئلہ صرف یہ ہے کہ عمران خان کا واحد مطلوب ومقصود وزارت عظمی ہے۔ یہ نہیں تو کچھ بھی نہیں۔ اُن کا ہیجان پارلیمان کی چاردیواری میں سما ہی نہیں سکتا۔ آنیوالے انتخابات میں وہ جیت گئے تو اسمبلیاں ایک بار پھر توڑنے کیلئے اپنی آستین سے کوئی نیا جادوئی کبوتر نکال لیں گے اور اگر ہار گئے تو یقیناً دھاندلی ہوگی، کیوں کہ عمران خان، کسی صورت ہار نہیں سکتے۔ یہ انہونی ہوگئی تو اُنکا ’’قافلہ سخت جاں‘‘ چھبیس سالہ ’’صبر آزما سیاسی جدوجہد‘‘ کے ایک نئے مرحلہِ شوق میں داخل ہوجائیگا۔ اُدھر خان صاحب پر مَرمِٹنے والی دِل پھینک ہوائیں ، کلائی کی چوڑیاں توڑ کر ، بال بکھیرے ، مانگ میں راکھ بھرے، حنائی ہاتھ ملتے ہوئے عشق جواں
مرگ کا ماتم کررہی ہیں ۔ دسمبر کے المیوں کا زخم خوردہ پاکستان دھڑکتے دِل کے ساتھ 23 دسمبر پر نظریں جمائے بیٹھا ہے کہ اسکی کوکھ سے جانے اب کونسا فتنہ جنم لینے کو ہے۔