کراچی (اسپورٹس رپورٹر)قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ میچوں میں 20 نومبر سے 18 دسمبر تک دنیا بھر سے 34 لاکھ 4 ہزار 252 شائقین کی ریکارڈ شرکت ہوئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران 20 نومبر سے 18 دسمبر تک دنیا بھر سے تماشائیوں کی ریکارڈ شرکت رہی جہاں مجموعی طور پر 34 لاکھ 4 ہزار 252 شائقین اپنی پسندیدہ ٹیموں کے میچز دیکھنے کے لیے آئے۔رپورٹ کے مطابق فرانس اور ارجنٹینا کے درمیان ہوئے فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل میچ میں ارجنٹینا نے دفاعی چمپیئن کو 0-2 سے زیر کیا جبکہ اس دوران گراؤنڈ میں 88 ہزار 966 تماشائی موجود تھے۔رپورٹ کے مطابق ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے کے اختتام پر شائقین کی تعداد 24 لاکھ57 ہزار 59 تھی جبکہ راؤنڈ آف 16 کے 8 میچوں میں تماشائیوں کی تعداد 4 لاکھ 11 ہزار 609 رہی۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کوارٹر فائنل میں 2 لاکھ 45 ہزار 221 شائقین موجود تھے، جن میں سے کروشیا اور برازیل کے درمیان میچ میں ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں 43 ہزار 893 شائقین آئے۔مراکش اور پرتگال کے درمیان میچ کے دوران الثمامہ اسٹیڈیم میں 44 ہزار 198، اسی طرح نیدرلینڈز اور ارجنٹینا کے میچ کے دوران لوسیل اسٹیڈیم میں 88 ہزار 235 تماشائی اور البیعت اسٹیڈیم میں فرانس اور انگلینڈ کے میچ میں 68 ہزار 895 شائقین موجود تھے۔لوسیل اور البیعت اسٹیڈیم میں سیمی فائنل کے دوران ایک لاکھ 57 ہزار 260 تماشائیوں نے شرکت کی، ارجنٹنیا اور کروشیا کے درمیان میچ میں 88 ہزار 966، اسی طرح البیعت اسٹیڈیم میں فرانس اور مراکش کے سیمی فائنل میچ کے دوران 68 ہزار 294 شائقین نے شرکت کی۔رپورٹ کے مطابق خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں مراکش اور کروشیا کے درمیان تیسری پوزیشن کے میچ کے دوران 44 ہزار 137 تماشائی میدان میں آئے تھے۔ورلڈ کپ فٹ بال میں تماشائیوں کی شرکت کے اعداد و شمار کے بارے میں بتایا گیا کہ قطر میں ہونے والا ورلڈ کپ فٹ بال کے ٹورنامنٹس کی تاریخ میں تماشائیوں کی شرکت کے حوالے سے تیسرے نمبر پر رہا۔ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ تماشائی 1994 میں امریکا میں منعقدہ ورلڈ کپ میں 35 لاکھ 87 ہزار 538 جبکہ 2014 میں برازیل میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں 34 لاکھ 29 ہزار 873 شائقین نے شرکت کی تھی۔