حیدرآباد(بیورو رپورٹ )سیکریٹری خوراک سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے اضافی چارج رکھنے والے ڈی ایف سی حیدرآباد حسن علی مگسی کی جانب سے بند آٹا چکیوں کے نام پر سرکاری گندم کوٹہ کو بلیک میں فروخت کرنے اورسرکاری گندم کے چالان کے اجراء پر بھاری رشوت طلب کرنے و مبینہ کرپشن اجاگر کرنے پر ڈی ایف سی حسن علی مگسی آپے سے باہر ہوگئے۔ رشوت دینے سے انکار کرنے والے ایسوسی ایشن کے عہدیداران و آٹا چکی مالکان کے خلاف انتقامی کاروائی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے ماہ دسمبر کے سرکاری گندم کوٹہ کو آدھا کردیا۔ ذرائع کے مطابق فوڈانسپکٹرز کو وہ آٹا چکی مالکان جنہوں نے ماہ نومبر میں سرکاری گندم کوٹہ اٹھاکر اسٹالز لگا کر عوام کو سستا آٹا فروخت کیا ہے انکے خلاف رپورٹ دینے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ سیکریٹری خوراک سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کو بھی نیب زدہ ایڈیشنل ڈی۔ایف۔سی حسن علی مگسی نے ہوا میں اڑا دیا۔ ڈپٹی کمشنر چکی آٹے کے سرکاری ریٹ تا حال مقرر نہ کرسکے۔ جس کی وجہ سے حیدرآباد کی اوپن مارکیٹ میں گندم کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔100کلو گندم کی بوری کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح9800 روپے تک پہنچ گئی، رولر فلور ملز و آٹا چکیوں کو رعایتی سرکاری گندم کوٹہ کے اجراء کے باوجود حیدرآباد کی عوام فی کلو آٹا120 سے125 روپے تک خریدنے پر مجبور۔ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی گندم و آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام۔ سستا آٹا اسٹالز کے نام پر شہریوں کے ساتھ بھونڈے مذاق کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے۔ حیدرآباد کے محب وطن عوام کو کرپٹ افسران و ناجائز منافع خور مافیہ کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ مہنگائی و بے روزگاری کے ہاتھوں پریشان عوام ایک وقت کی روٹی کو ترس گئے ہیں۔ اس ضمن میں آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری حاجی نجم الدین چوہان نے کہا کہ اضافی چارج کا حامل ڈی۔ایف۔سی حسن علی مگسی اپنی کرپشن چھپانے کے لیے انتقامی کاروائی پر اتر آیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے ساتھ وہ آٹا چکی مالکان جنہوں نے ڈی۔ایف۔سی کی غیر قانونی ڈیمانڈ نہ مانتے ہوئے ماہ نومبر کے سرکاری گندم کوٹہ کے چالان اٹھاکر یونین کے ساتھ ملکر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے سستا آٹا اسٹالز پر عوام کو آٹا فروخت کردیا،جس کے گواہ شہری عوام و میڈیا بھی ہے۔ مگر ڈی۔ایف۔سی حسن علی مگسی جو خود کو قانون سے بھی بالاتر تصور کرتا ہے اسٹالز کو تسلیم کرنے سے مسلسل انکار کررہا ہے،جبکہ پریس کلب و چوہان کانٹاگرونگر پر لگائے گئے اسٹالزپر علاقہ فوڈ انسپکٹرزبھی موجود تھے جنہیں بعد ازاں چکی آٹااسٹالز پر جانے سے ڈی۔ایف۔حسن علی مگسی نے روکا۔حیدرآباد میں موجودگندم و آٹے بحران کا اصل ذمہ دار نیب زدہ ایڈیشنل ڈی۔ایف۔سی حسن علی مگسی ہے۔حیدرآباد کے سرکاری گوداموں میں گندم اسٹاک بہت تیزی سے ختم ہورہا ہے۔جس کو فوری بہتر نہ کیا گیا تو حیدرآباد میں گندم کابحران مذید شدت اخیتار کرسکتا ہے۔ انہوں نے نیب زدہ ایڈیشنل ڈی۔ایف۔سی حسن علی مگسی کی من مانیوں کو روکنے و عہدہ سے فوری برطرف کرکے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
سیکریٹری خوراک سندھ اور آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کا اجلاس
Dec 20, 2022