کراچی(نیوز رپورٹر)محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے گورنمنٹ اسلامیہ کالج (سائنس ،کامرس اینڈ آرٹس) مارننگ وایوننگ کمپلیکس میں موجود تمام تعلیمی اداروں کی شہر کے دو مختلف اور دوردراز علاقوں میں منتقلی کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے اور ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ محمد علی مانجی نے کالج کی منتقلی کی تجویز سے متعلق سمری سیکریٹری کالجز کو ارسال کردی ہے۔سمری میں گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج اور گورنمنٹ اسلامیہ آرٹس اینڈ کامرس کالج (ایوننگ) کو نیو کراچی سے متصل بفرزون کے علاقے میں نئے قائم کیے گئے گورنمنٹ ڈگری کالج میں منتقل کرنے کی تجویز پیش کی ہے تاہم سمری میں کالج کے علاقے کا نام ناظم آباد لکھا گیا ہے۔اسی طرح گورنمنٹ اسلامیہ آرٹس اینڈ کامرس کالج (مارننگ) کو سچل گوٹھ کے علاقے میں پہلے سے قائم گورنمنٹ فزیکل ایجوکیشن کالج میں منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ سمری میں اس کالج کی جگہ یونیورسٹی روڈ لکھی گئی ہے اور ساتھ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مذکورہ فزیکل ایجوکیشن کالج کی انرولمنٹ انتہائی کم ہے۔ کالج منتقلی کے حوالے سے سیکریٹری کالخز کو بھجوائی گئی سمری کے مطابق ڈائریکٹر کالجز سندھ کے زیر صدارت کالج کی منتقلی کے حوالے سے ایک اجلاس 14 دسمبر کو ہوا جس میں اجلاس میں اسلامیہ سائنس کالج کے پرنسپل پروفیسر ندیم حیدر، گورنمنٹ اسلامیہ آرٹس اینڈ کامرس کالج کے پرنسپل پروفیسر علی راز شر، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر قاسم راجپر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالجز راشد کھوسو شریک ہوئے۔اجلاس میں عدالتی احکامات پر غور کیا گیا اور اسلامیہ سائنس کالج کے پرنسپل کی جانب سے پوچھا گیا کہ محکمہ کالج کی عمارت خالی یا کالج کو برقرار رکھنے کے حوالے سے ہدایت جاری کریں۔ دونوں کالجوں کے پرنسپلز کی جانب سے کہا گیا کہ عدالتی احکامات پر کالجوں کو خالی کرنے کی صورت میں انھیں دیگر عمارتوں میں فرنیچر کے ساتھ منتقل کرنے کی تجویز بھی دی جائے۔اجلاس میں کالج کے ایک تیسرے پرنسپل پروفیسر رفیق لاکھو سے فون پر بات چیت کے بعد مذکورہ کالجوں میں اسلامیہ کالج کی منتقلی پر اتفاق رائے کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کالج کی منتقلی کے حوالے سے نوٹیفیکیشن کا اجراء کسی بھی وقت متوقع ہے۔واضح رہے کہ اسلامیہ کالج کمپلیکس مزار قائد کے قریب شہر کا مصروف علاقہ ہے جہاں اطراف کی پرانی آبادیوں سے متوسط اور غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ داخلہ لیتے ہیں اور سوائے آدم جی سائنس کالج اور پی ای سی ایچ ایس فاؤنڈیشن کالج کے قرب و جوار میں اور کوئی کالج نہیں ہے۔اسلامیہ کالج کمپلیکس میں لگنے والے ٹی کالجوں اور سرکاری اسکول کو ملا کر یہاں 12ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ یہ ان چند کالجوں میں سے ایک ہے جہاں گریجویشن کلاسز بھی ہوتی ہیں۔