کے الیکٹرک واجبات تنازعہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل کریں گے ، ایڈمنسٹریٹر کراچی 

کراچی(نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ شہر کی سڑکوں کو روشن رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں ، تاریکی کے باعث اسٹریٹ کرائمز میں اضافے کی شکایات سامنے آئی ہیں، ہر ممکن کوشش ہے کہ اسٹریٹ لائٹس کو بہتر اور فعال حالت میں رکھا جائے، کے الیکٹرک کے ساتھ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے واجبات کا معاملہ باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جائے گا، شہر کے وسیع تر مفاد میں تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں جن کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے، یہ بات انہوں نے پیر کے روز اپنے دفتر میں کے الیکٹرک اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ قانون کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر کے الیکٹرک چیف ڈسٹری بیوشن آفیسر عامر ضیاء ، جنرل منیجر فرید احمد، ڈائریکٹرحارث جمیل، قانونی امور کے سربراہ عرفان علی شاہ، انوار ملک ، کے ایم سی کی مشیر قانون عذرا مقیم، ایڈوکیٹ محمد عمر لاکھانی، ایس حسن عابدی ،اشفاق احمد، کے ایم سی کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر انیس احمد خان اور دیگر بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیدسیف الرحمن نے کہا کہ میونسپل یوٹیلیٹی چارجز ٹیکس کے بلوں کی وصولیابی کے حوالے سے کیس عدالت میں زیر سماعت ہے جس کے لئے مشیر قانون بلدیہ عظمیٰ کراچی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مکمل تیاری کے ساتھ وکلاء کو عدالت میں سماعت کے لئے بھیجیں تاکہ عدالت کو جو بھی دستاویز یا تفصیلات درکار ہیں وہ فوری فراہم کی جاسکیں، انہوں نے کے الیکٹرک کے وفد سے کہا کہ کراچی کو بہتر بنانے کے لئے تمام شہری اداروں کا باہمی رابطہ اور تعاون ضروری ہے ، اسٹریٹ لائٹس شہر کی اہم ضرورت ہے لہٰذا کے الیکٹرک اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ شہر کی سڑکیں روشن رہیں اور شہریوں کو سہولت ملے، انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک اپنی تنصیبات کو بھی بہتر بنائے ، بلدیہ عظمیٰ کراچی اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کرے گی، شہری اداروں کے مابین بہتر رابطے کے بغیر مطلوبہ مقاصد حاصل نہیں کئے جاسکتے، ہم سب کا ایک ہی مقصد ہے اور وہ شہر یوں کو سہولت پہنچانا ہے جس کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت اور رابطوں کا عمل جاری ہے، بہتر اور جامع ورکنگ کوآرڈی نیشن کامیابی کی کنجی ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو مختلف شعبوں میں بنیادی خدمات فراہم کرتی ہے اور شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے جو بھی اقدامات ضروری ہیں کئے جا رہے ہیں، کے الیکٹرک بھی اہم شہری ادارہ ہے اور امید ہے کہ شہر کی بہتری کے لئے ہونے والے کاموں میں اس ادارے کا وسیع تعاون حاصل رہے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن