کراچی(نیوز رپورٹر)ٌ داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی اکیڈمک کونسل کا 18 واں اجلاس گزشتہ روز جامعہ کے کانفرنس روم میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی (تمغہ امتیاز ) کی زیر صدارت منعقد کیا گیا جس میں گزشتہ اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی۔ اکیڈمک کونسل نے یونیورسٹی کے سیشن برائے 2022-23ء میں بیچلر آف سائنس (بی ایس ) میں 4سالہ نیا ڈگری پروگرام ’سول انجینئرنگ ٹیکنالوجی ‘شروع کرنے کی منظوری دی جس کیلئے ہایئر ایجوکیشن کمیشن سے این او سی لی جائے گی۔ اکیڈمک کونسل نے یونیورسٹی کے نئے کثیر الشعبہ ریسرچ جرنل کے آغاز اور اشاعت فیصلہ بھی کیا جس کا نام ’STEAM‘ رکھا گیا ہے۔ ریسرچ جرنل کی تجویز ایڈونسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ نے اپنے 17ویں اجلاس میںدی جس کا انعقاد 25 اکتوبر 2022ء کوکیا گیاتھا۔ علاوہ ازیں اکیڈمک کونسل نے شعبہ بیسک سائنسز اینڈ ہمیونٹیس کے تحت انڈسٹریل کیمسٹری میں ایم فل، شعبہ پٹرولیم اینڈ گیس اورسول انجینئرنگ کے تحت ایم ایس پروگرام شروع کرنے کی بھی منظوری دی۔ اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی شاہ ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر ذیشان میمن ، ڈین فیکلٹی آف انفارمیشن سائنسز اینڈ ہیومنٹیز ڈاکٹر غلام عباس کاندھڑو ، ڈین آرکی ٹیکچر اینڈ پلاننگ اور سول انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر یاسرہ نعیم پاشا، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹر سسٹم ، الیکٹریکل ، الیکٹرونک اور ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد زاہد تونیو ، سابق وائس چانسلر مہران انجینئرنگ یونیورسٹی اے آر میمن ، محکمہ کالج ایجوکیشن کے نمائندے فقیر محمد لاکھو اور یونیورسٹی کے تمام شعبوں کے چیئرپرسنز نے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی (تمغہ امتیاز ) نے کہا کہ نئے پروگرامز کا آغاز داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے استحکام اور ترقی کی مثال ہے ، ہمارا مقصد تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنا ہے اس لئے مارکیٹ میں رجحان رکھنے والے جدید کورسز متعارف کئے جارہے ہیں ۔