کلرسیداں(نامہ نگار) پی ٹی آئی کے ضلعی صدر ٹریڈنگ ونگ راجہ محمد سکندر نے کہا ہے کہ کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف بغاوت ہی ملک کا اصل دفاع ہے،فکری و نظریاتی اور جغرافیائی دفاع کیلئے عوام کو یکجاہونا پڑے گا۔اداروں کے استحکام کیلئے محب وطن،دیانتدار اور اہل قیادت کا انتخاب ضروری ہے اور یہ تمام خوبیاں ہمارے قائد عمران خان میں موجود ہیں۔ آج پاکستان کو گرے لسٹ اور ڈیفالٹ میں ڈالنے کی باتیں کی جا رہی ہیںجس نہج پر پاکستان پہنچ چکا ہے اس کیلئے اگر ہم نے اپنے ''آج'' کو بہتر نہ کیا تو آنے والا کل ہمارے لئے مسائل لے کر طلوع ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلر سیداں میں پی ٹی آئی ٹریڈنگ ونگ ضلع راولپنڈی کے سینئر نائب صدر راجہ سلیم دھمیال اور کامران حشر کے کاروباری مرکز کے افتتاح کے بعد مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی ایم سی کلر سیداں کے صدر سید سیماب حیدر شاہ نقوی،سابق ٹاؤن ناظم ملک سہیل اشرف، بریگیڈئیر (ر) محمد شاز الحق،راجہ آفتاب جنجوعہ اور راجہ اظہر اقبال سمیت پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔راجہ سکندر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کبھی دوسرے ممالک کو قرضے دیتا تھا مگر آج قرضے مانگے جا رہے ہیں۔ پاکستانیوں کو دوسرے ممالک میں داخل ہونے کیلئے کسی ویزے کی ضرورت نہیں پڑتی تھی مگر آج پاکستانیوں کو شک کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہے جو پاکستان کو مشکل حالات سے نکال کر ملک کے مستقبل کو محفوظ بنا سکتا ہے۔
کرپٹ نظام انتخاب کیخلاف بغاوت ہی ملک کا اصل دفاع ہے،راجہ سکندر
Dec 20, 2022