ملتان (نمائندہ خصوصی ) مرکزی تنظیم تاجران جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر، ملتان صدر خالد محمود قریشی نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ملتان میں طے کئے جانے والے آئندہ کرکٹ میچز کی سیکیورٹی کے اقدامات کا ازسر نو تعین کرے کیونکہ گذشتہ دنوں ہونے والے کرکٹ میچز کی وجہ سے بین الاقوامی اور ملکی کھلاڑیوں کے ابدالی روڈ پر نجی ہوٹل میں قیام گاہ کے باعث اطراف کی تمام مارکیٹیں اورملحقہ گنجان آبادیاں شدید متاثر رہیں اور تاجروں کو بھی اپنی دکانیں بند رکھنا پڑیں اور معاشی استحصال ہوا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو سے ان کے دفتر میں انجمن تاجران ایل ایم کیو روڈ، کلمہ چوک، نواں شہر،ڈیرہ اڈہ کے تاجر رہنماؤں کے وفد کے ہمراہ کی گئی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پرملک وقار احمد اعوان، سعد ناصر شیخ ، علی ذیشان بابا آئسکریم، ارشد اعوان ، محمد اسلم انصاری،ملک ارشد آرائیں ، ملک عاصم، سہیل اصغر بھی موجود تھے ڈپٹی کمشنر نے تا جر رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیاجائے گا اور آئندہ ہونے والے میچز میں مارکیٹوں کے داخلی دروازوں اور ملحقہ گنجان آبادیوں کے مکینوں کو پیش آنے والی دشواریوں کا ازالہ کریں گے۔