واشنگٹن: امریکا نے کہا ہے کہ ہماری بنوں میں دہشت گردی کے واقعے پر گہری نظر ہے اور ہم زخمیوں سے گہری ہمدردی رکھتے ہیں۔دہشت گردوں کو چاہئے کہ یرغمال افراد کو رہا کردیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محمکۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ عسکریت پسند گروہ نے بنوں میں انسدادِ دہشت گردی کے ایک مرکز پر قبضہ کر رکھا ہے۔ ہمیں زخمیوں سے گہری ہمدردی ہے.ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا کہ ہم دہشت گردوں پر زور دیتے ہیں کہ تشدد کی تمام کارروائی بند کریں، یرغمال افراد کو رہائی دیں اور سی ٹی ڈی کے مرکز سے اپنا قبضہ بھی ختم کردیں۔
خیال رہے کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر دہشت گردوں نے قبضہ کر رکھا ہے۔ سکیورٹی ادارے علاقے کو گھیرے میں لے چکے ہیں تاہم دہشت گردوں کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں طویل عرصے تک پاکستان نے امریکا کا ساتھ دیا ہے۔ ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں چاہے وہ افغانستان کے اندر ہو یا پاکستانی سرحد کے ساتھ۔انہوں نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا ساتھ دینے کیلئے تیار ہے۔ فوری مدد کریں گے چاہے اس موجودہ صورتحال میں مدد کی ضرورت ہو یا زیادہ وسیع پیمانے پر۔ واضح رہے کہ اب بھی کچھ پولیس اہلکار 2 روز سے یرغمال ہیں۔
واقعے کی ذمہ داری ٹی ٹی پی نے قبول کر لی ہے۔ دہشت گرد گروہ کا کہنا ہے کہ ہمارے جنگجوؤں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کو یرغمال بنایا اور انہیں محفوظ راستہ چاہئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو تفتیش کیلئے لایا گیا تھا، تاہم انہوں نے پولیس کا اسلحہ چھین کر انہیں یرغمال بنایا۔