مکہ معظمہ میں ہونے والی بارش نے پہاڑیوں کو ہلکا پھلکا کر دیا اور پے در پے بارشوں کے بعد جبل النور نے سبزے کی چادر اوڑھ لی۔جبل النور [غارحرا کے پہاڑ] پرہر سوپھیلا سبزہ نظروں کو خیر کرنے اور دلوں کو ٹھنڈک پہنچانے والے نظارے تخلیق کر رہا ہے۔فوٹوگرافر محمد الہذلی نے جبل النور کے ان دلکش مناظر کو اپنے کیمرے میں ریکارڈ کیا۔ حال ہی میں مکہ مکرمہ میں ہونے والی شدید بارشوں کے بعد یہ ہریالی اور خوبصورتی سے ڈھک گیا تھا۔جبل النور مسجد الحرام کے شمال مشرق میں تقریباً 10 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اسے یہ نام اس لیے دیا گیا کہ اس میں نور نبوت ظہور پذیر ہوا۔ اس کی اونچائی 642 میٹر ہے۔ جبل النور کے دامن میں "غار حرا" واقع ہے۔نزول وحی سے قبل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس غار میں مراقبہ فرماتے۔ یہاں تک کہ ایک روز اللہ کے حکم سے جبرائیل امین علیہ السلام پہلی وحی کے ساتھ اسی غار میں پیغمبر اسلام ﷺ کے پاس آئے۔ یہ پہاڑ آج بھی اپنی روحانی کشش کی بہ دولت زائرین کی توجہ کا مرکز ہے۔ اس کی سرسبزی اور شادابی نے اس کی خوبصورتی کو دو چند کردیا ہے۔