پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف چاہتے ہیں تاریخ بھی ان کی مرضی کی ہو، آر اوز بھی ان کی مرضی کے ہوں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ بار کونسلز سے بیان دلوا کر ن لیگ الیکشن سے فرار چاہتی ہے، نواز شریف کو خوف اور یقین ہے بلّا ہوا تو تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سے جیتے گی۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کے حصول میں مشکلات آرہی ہیں، تمام ہائیکورٹس میں رٹ دائر کر رہے ہیں کہ یہ کیسا لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟ صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو بھی فریق بنا رہے ہیں، حلقہ بندیوں پر اعتراض کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو دو تہائی سے زیادہ اکثریت سے پی ٹی آئی جیتے گی، نگراں حکومت کے دائرہ اختیار میں کسی جماعت پر پابندی لگانا شامل ہی نہیں، کسی جماعت پر پابندی لگانا نگراں حکومت کا دیوانے کا خواب ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے امیدوار جیل میں بھی ہوئے تو وہ وہاں سے الیکشن لڑیں گے، میں خود لاہور سے الیکشن لڑنے جارہا ہوں، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا، بانی پی ٹی آئی لوگوں کی دھڑکن ہیں۔
لطیف کھوسہ نے یہ بھی کہا کہ امیرالمومنین کو لایا گیا ہے، دیکھیں 8 فروری کو عوام ان سے کیا کرتے ہیں.