امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی غیور عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ زندگی کے آخری لمحے تک فلسطین کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔غزہ میں بہنے والے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا.سلیمی چوک میں خواتین کے فلسطین کنونشن سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے معصوم بچوں کو جلایا۔سویلین آبادی اور ڈاکٹرز پر حملے جاری ہیں۔ یہ جنگی جرائم ہیں۔اسرائیل کی بربریت نے 25 ہزار جانیں نگل لی ہیں۔ ہمارے حکمرانوں کو غزہ کے مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔اگر بائیڈن اسرائیل کا ساتھ دے سکتا ہے تو ہم بھی فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔اگر آج فلسطین کا ساتھ نہ دیا گیا تو عرب ممالک سمیت یہ آگ ہم سب کو نگل جائے گی۔ سراج الحق نے کہا ہمارا نگران وزیراعظم کہتا ہے فلسطین میں دو حکومتیں ہونی چاہئیں۔کاکڑ صاحب کو کس نے حق دیا ہے کہ وہ قائد اعظم اور اہل فلسطین کا مؤقف بدلیں۔ دوسری طرف صورتحال یہ ہے کہ پوری دنیا میں بڑے بڑے مظاہرے ہوئے لیکن نواز شریف یا شہباز شریف نے فلسطینیوں کے لئے مظاہرہ نہیں کیا۔ پیپلز پارٹی نے بھی ایک دن فلسطین کا ساتھ نہیں دیا۔ حکومت کے لالچ میں یہ لوگ فلسطینی بھائیوں کا ساتھ نہیں دے پا رہے۔امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ قوم 8 فروری کو اس ظالمانہ نظام کے خلاف ووٹ دے ۔ 2024 کا الیکشن نجات اور انقلاب کا دن ہے ۔