لاہور، اسلام آباد ، صوبہ سرحد اور کشمیر کے اکثرعلاقوں میں آج زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلے سے سکول اورمکانات گرنے سے سترہ بچوں سمیت ترپن افراد زخمی ہوگئے

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولہ میں تھا۔ جس کی شدت پانچ اعشاریہ آٹھ ریکارڈ کی گئی ۔ زلزلے کے جھٹکے لاہور، اسلام آباد، مانسہرہ، مظفر آباد، آزاد کشمیر، مری، جہلم، پشاور، اور گرد ونواح میں صبح آٹھ بج کر پچاس منٹ پر محسوس کئے گئے ۔ زلزلے کے جھٹکوں کی شدت پہاڑی علاقوں میں زیادہ تھی جہاں لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔ مری کے نواحی علاقے خانس پور میں لہورکس کے مقام پر دو سکولوں کی عمارتیں گر گئیں جس سے سترہ بچے زخمی ہوگئے ۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ایبٹ اباد میں ایک پرائمری اور مڈل سکول کے گرنے سے سات بچے شدید زخمی ہو گے زخمی ہونے والے بچوں میں پرائمری سکول کے عدنان حفیظہ ثاقب اور مڈل سکول کے احمد اشفاق ظہیر ایک نا معلوم بچہ شامل ہے جبکہ بیس بچوں کو طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا مظفر آباد کے علاقے پنجکوٹ میں آٹھ مکانات گرنے سے گیارہ افراد زخمی ہو گئے جبکہ دیگر کئی علاقوں میں لوگوں نے چھتوں سے چھلانگیں لگا دیں جس سے آٹھارہ افراد زخمی ہو گئے جن کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے ۔ادھر وقت نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل قمرزمان نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں انہی علاقوں میں چار سے پانچ ریکٹرسکیل تک کی شدت کے آفٹر شاکس کا بھی امکان ہے۔

ای پیپر دی نیشن