ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔پیر کی صبح ہونے والی بارش کے بعد سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ ادھرمحکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مری اور گلیات میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران بارش اور برفباری ہوگی ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ پنجاب میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش میر خانی میں انتیس ملی میٹر جبکہ سب سے زیادہ برفباری سکردو میں دس انچ ریکارڈ کی گئی۔ آج ملک میں کم سے کم درجہ حرارت پاراچنار میں منفی چھ ڈگری سینٹی گریڈ رہا اس کے علاوہ کالام میں منفی پانچ، گوپس اور ہنزہ منفی چار، اسلام آباد، کوئٹہ اور مظفرآباد میں چھ، لاہور، ملتان اور پشاور نو، کراچی چودہ، گلگت اور مری دو اور فیصل آباد میں آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔