غیریقینی مستقبل، یونیفکیشن بلاک کی اکثریت تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے کوشاں: ذرائع

Feb 20, 2012

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت کے حامی یونیفکیشن گروپ نے غیریقینی مستقبل کی وجہ سے اپنی اگلی ”منزل“ کے حوالے سے سوچ بچار شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق گروپ کے اکثر ارکان اگلے الیکشن میں ٹکٹ کی خاطر تحریک انصاف میں جانے کیلئے پَر تول رہے ہیں۔ امت رپورٹ کے مطابق یونیفکیشن بلاک کے مرکزی رہنماﺅں ڈاکٹر طاہر علی جاوید اور اعجاز شفیع نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یونیفکیشن گروپ نے روایتی سیاست میں تبدیلی لانے کیلئے کسی ڈیمانڈ کے بغیر مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) ہمیں پارٹی ٹکٹ بھی دے لیکن مسلم لیگ (ن) کا رویہ شروع سے ہمارے ساتھ مناسب نہیں رہا۔ ڈاکٹر طاہر علی جاوید نے کہا کہ ہم نے ابھی تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا لیکن ایک بات ہے کہ تحریک انصاف کا گراف کافی اوپر جا رہا ہے اور انہیں دیہی علاقوں میں ایسے امیدواروں کی سخت ضرورت ہے جن کی الیکشن میں جیت یقینی ہو۔ اعجاز شفیع کا کہنا تھا کہ سینٹ کا ایک ٹکٹ ہمارا حق تھا لیکن ماضی کی طرح اب بھی ہمیں اکاموڈیٹ نہیں کیا گیا۔ اسکے برعکس ڈاکٹر طاہر علی جاوید کا کہنا ہے کہ ہمیں مسلم لیگ (ن) کے سینٹ ٹکٹ کی ضرورت تھی اور نہ ہی ہم قانوناً لے سکتے تھے۔ ہمارے دوست اعجاز شفیع سینٹ الیکشن لڑنے کے خواہشمند تھے لیکن پھر وہ بھی اس فیصلے سے دستبردار ہوگئے تھے جبکہ رانا ثناءاللہ نے اس حوالے سے کہا کہ اس حوالے سے ایک ہفتے پہلے رائے ونڈ میں جو میٹنگ ہوئی اس میں اعجاز شفیع بھی موجود تھے۔ فارورڈ بلاک نے ہمارے ساتھ ٹکٹ کی کوئی بات ہی نہیں کی۔
مزیدخبریں