لندن/کراچی (آئی این پی ) بلوچ قوم پرست رہنما سردار عطااللہ مینگل نے کہا ہے کہ گوادر کی بندرگاہ چین کے حوالے کرنا بلوچوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کے مترادف ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق انہوں اپنے بیان میں کہا یہ آخری کیل ٹھونکنا انہیں مبارک ہو۔دوسری جانب بلوچستان کے گورنر نواب ذوالفقار علی مگسی نے کہا ہے کہ معاہدے کی نیک نیتی پر مبنی ہونے سے بلوچستان کی موجودہ صورتحال میں مثبت تبدیلی رونما ہوگی۔ گورنر نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ بلوچستان کے عوام کیلئے خوش آئند ہو گا اور روزگار کے مواقعوں کے ساتھ ساتھ گوادر بندرگاہ سے حاصل ہونے والے فوائد و ثمرات یہاں کے عوام تک رسائی ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے بلوچستان کے عوام میں پائے جانےوالا احساسِ محرومی اور صوبے کے وسائل کے استعمال کے حوالے سے ان کے تحفظات کو دور کیا جاسکتا ہے۔ مقامی لوگوں کے معاشی مسائل حل ہوں گے تووہ صوبے کی تعمیر و ترقی میں حصہ لیں گے۔ ماضی میں عوام کی خواہشات اور امنگوں سے ہٹ کر کئے جانےوالے فیصلے ناخوشگوار صورتحال کا موجب بنے۔