نیتیں ٹھیک ہونے تک کراچی میں امن نہیں ہو سکتا: چیئرمین جسٹس سندھ ہائیکورٹ

Feb 20, 2013

کراچی(آن لائن)چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم نے کہا ہے کہ کراچی کے حالات تشویشناک ہیں شہر میں امن وامان سے متعلق پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رپورٹ طلب کی جائے گی۔سندھ ہائی کورٹ کے مستقل کئے گئے جسٹس ناصر شیخ ، جسٹس ندیم اختر، اور جسٹس محمد شفیع صدیقی سے حلف لینے کے بعد چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ ایک دو روز میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت دیگر متعلقہ حکام پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک نیتیں ٹھیک نہیں ہوں گی کراچی میں امن نہیں ہو سکتا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے شہر کی صورت حال پر رپورٹ طلب کی جائے گی۔ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ حکومت سے غیر قانونی ہتھیاروں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے بارے میں بھی جواب طلبی کی جائے گئی، الیکشن سے قبل پرامن حالات کا ہونا لازمی ہے اور امن کے لئے نیتوں کا صاف ہونا ضروری ہے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ججز کی مستقلی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ججوں کے خلاف نامناسب طریقے سے رائے عامہ بنانے سے اجتناب کیا جائے۔ قبل ازیں سندھ ہائی کورٹ کے مستقل کئے گئے تینوں ججز جسٹس ناصر شیخ ، جسٹس ندیم اختر اور جسٹس محمد شفیع صدیقی نے حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے نئے مستقل کئے گئے ججز سے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں سندھ ہائیکورٹ کے ججز اور سندھ ہائیکورٹ بار کے عہدیداروں اور وکلاءنے شرکت کی۔

مزیدخبریں