سرینگر، مظفرآباد کے درمیان تجارت آج بحال ہو گی، مقبوضہ کشمیر میں گرفتار ڈرائیور کا مسئلہ حل نہ ہونے تک بائیکاٹ کریں گے : تاجروں کا اعلان

Feb 20, 2014

چکوٹھی+چناری (آئی این پی+آن لائن) لائن آف کنٹرول کو ملانے والے امن برج پر آر پار حکام کے درمیان 33 روزہ تعطل کے بعد سرینگر مظفر آباد کے درمیان تجارت (آج) جمعرات سے بحال ہو گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ تجارت کیلئے ہونے والے مذاکرات میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ جمعرات سے تجارتی سرگرمیاں پھر شروع کر دی جائیں گی جس کے بعد امن برج کے راستہ مظفر آباد سری نگر تجارت (آج) سے دوبارہ شروع ہو جائے گی۔ جبکہ تاجر رہنماؤں نے بھارتی حکومت کی جانب سے  مقبوضہ کشمیر میں گرفتار ڈرائیور محمد شفیق اعوان کے مسئلے کو حل کئے بغیر (آج) جمعرات کو سرینگر مظفرآباد تجارت کی بحالی کے فیصلے کو تاجروں نے مسترد کرتے ہوئے دوطرفہ تجارتی سرگرمیوں کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ سرینگر مظفرآباد کے درمیان تجارت کرنے والے تاجروں نے کیا۔ تاجر راہنمائوں محمود احمد ڈار‘ مبارک اعوان‘ خورشید میر‘ راجہ ارشد‘ اعجاز میر‘ خوشحال قذافی‘ راشد میر‘ نذیر احمد بٹ‘ عبدالمجید خان و دیگر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجارت بحالی کا فیصلہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کا ہے۔ تاجر برادری گرفتار ڈرائیور شفیق اعوان کیساتھ ہے۔ آج جمعرات کو ہونے والی دوطرفہ تجارت کا بائیکاٹ کریں گے اور کوئی بھی تاجر گاڑی لے کر چکوٹھی نہیں جائے گا۔

مزیدخبریں