لاہور+ جھنگ (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے پختہ عزم کر رکھا ہے کہ وہ اپنے ملک کے 19کروڑ عوام کو امن اور مضبوط معیشت کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور وہ اس مقصد کے حصول کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں، دہشت گردی کا خاتمہ کئے بغیر نا تو ملک میں سرمایہ کاری آ سکتی ہے اور نہ عام آدمی چین سے زندگی گزار سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز رتہ متہ، شاہ جیونہ (جھنگ) میں حلقہ پی پی 81 میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ہماری قیادت ان دونوں مسائل پر قابو پانے کیلئے دن رات کوشاں ہے اور وہ دن دور نہیں جب ملک سے لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کر دیا جائیگا، صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ زرعی میدان میں ترقی بھی بہت ضروری ہے، انہیں یقین ہے کہ جب تک ملک کا کسان اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہو گا پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت جو کہتی ہے وہ کر دکھاتی ہے، وہ دور ختم ہوگیا جب لوگوں کو زبانی جمع خرچ سے بے وقوف بنایا جاسکتا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا مرکز و محور عوام کی خدمت اور اللہ کی خوشنودی کا حصول ہے۔ انہوں نے کہاکہ رتہ متہ میں پچاس کنال اراضی پر گرلز کالج قائم کیا جائیگا جبکہ علاقے کے طلبا و نوجوان کیلئے سپورٹس سٹیڈیم بھی تعمیر کیا جائیگا۔ دریائے جہلم پر پل کی تعمیر سے اس علاقے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ اس علاقے میں سیوریج کے مسئلے کے حل کے علاوہ دیہی علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کا جال بچھا دیا جائیگا۔ عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے اور وہ وقتاً فوقتاً اس علاقے میں آکر مکمل شدہ ترقیاتی سکیموں کا افتتاح کریں گے۔ علاوہ ازیں حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات کے تناظر میں پاک چین اکنامک اور سٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پاک چین اکنامک کوریڈورکا قیام خطے میں معاشی وتجارتی ترقی اور امن کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز عوامی جمہوریہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کے نائب وزیر آئی پنگکی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اوردوطرفہ تعلقات کے فروغ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ حمزہ شہباز شریف نے توانائی ، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ سمیت ان شعبوں کی نشاندہی کی جن میں چینی سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے بجلی بحران کے خاتمہ کے حوالے سے چین کے بھرپور تعاون پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ہرقسم کے نامساعد حالات میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ چینی نائب وزیر آئی پنگ نے اس موقع پر پنجاب میں تمام شعبوں میں ہونے والی تیزرفتارترقی پر خوشگوار حیرت کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف اور انکی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی۔ قبل ازیں صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے چینی نائب وزیر آئی پنگ اور ان کے وفد کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ چینی نائب وزیر کو اس موقع پر میٹروبس سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ انہیں ارفع کریم ٹاور میں قائم میٹروبس کے کنٹرول روم کا بھی معائنہ کروایا گیا۔