ایف سی اہلکاروں کی شہادت مذاکرات سبوتاژکرنے کی سازش ہے‘ حمید گل

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی)آئی ایس آئی کے سابق چیف اورایکس سروس مین سوسائٹی کے چیئرمین جنرل (ر)حمیدگل نے کہا ہے کہ ایف سی اہلکاروں کی شہادت افسوسناک اورمذاکرات سبوتاژکرنے کی سازش ہے حکومت کو متنبہ کررہاہوں کہ عدلیہ اورمذاکرات کے معاملہ پرمیڈیا کواتنی آزادی نہ دیجائے کہ کل پارلیمنٹ کے اجلاس بھی ٹی وی چینلز پربلوانے پڑیں ۔ گزشتہ روز یہاں میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایف سی اہلکاروں کی شہادت افسوسناک اور مذاکرات کو سبوتاژکرنے کی سازش ہے ایسے واقعات کا رونما ہونا بدقسمتی ہے اورمیں اس کی شدیدمذمت کرتا ہوںایسے واقعات کو روکنے کیلئے فریقین کو فعال کرداراداکرنا ہوگا مزیدانہوںنے کہاکہ میں ہرفورم پرحکومت کو متنبہ کررہا ہوں کہ عدلیہ اور مذاکرات کے معاملات کو میڈیا میں گھسیٹنے والے دراصل پاکستان کو خلفشارکا شکارکررہے ہیں میڈیا کی اگریہی روش جاری رہی تو وہ وقت دورنہیں جب مذاکرات اور عدالتی کیسوں کی طرح پارلیمنٹ کے اجلاس بھی ٹی وی چینلز پرہواکریں گے،ہرادارے کی اپنی ریڈلائنز ہوتی ہیں مگرپاکستانی الیکٹرانک میڈیاکی ساری لائنیں ہی گرین ہیں، میڈیا میں ایسے افراد کی کثرت ہے جنہیں معاملات کی نزاکت کا احساس ہے مگرریٹنگ کے چکرنے انہیں بھی اسی دائرے میں محدودرہنے پرمجبورکردیا ہے اوران کی ملازمت کورائے پرفوقیت حاصل ہوگئی ہے جوکہ انتہائی افسوسناک ہے بہتر یہ ہے کہ میڈیا اپنا احتساب خود کرے اورمملکت کاستون ہونے کے ناطے اپنی ترجیحات اور ملکی سلامتی اور اداروں کی حیثیت کااحترام کرتے ہوئے اپنی ریڈ لائنزکا تعین کرناچاہئے۔
حمید گل

ای پیپر دی نیشن