کوٹ مومن + سرگودھا (نامہ نگاران) کوٹ مومن کے نواحی موضع چاﺅوال میں جائیداد کے تنازع پر چچا نے ساتھیوں سے مل کر فائرنگ اور کلہاڑیوں کے وار کرکے بھتیجی اور بھابھی سمیت 3 افراد کو قتل کردیا۔ تفصیل کے مطابق چاﺅوال کے علاقے میں افضل، مختار، شاہد عمران، اکرم، رسولاں بی بی اور مسرت بی بی کے ہمراہ گھر میں شادی کی تیاریوں میں مصروف تھے شوکت اقبال، ظفر اقبال، محمد اشرف، شہزاد، احمد شیر، مدثر، عامر، عاصم اور ان کے 3 ساتھی گھر کے دروازے توڑ کر اندر گھس آئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جسکے باعث علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ملزمان نے سیدھی فائرنگ اور کلہاڑیوں کے متعدد وار کئے جسکے باعث مسرت بی بی اور محمد افضل موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ شاہد عمران اور رسولاں بی بی شدید زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں رسولاں بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے زندگی کی بازی ہارگئی۔ لوگوں کے آنے پر ملزم فرار ہوگئے، زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ مومن لایا گیا جہاں سے شاہد عمران کی حالت تشویش ناک ہونے پر سرگودھا ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ وجہ عناد یہ ہے کہ مقتولہ مسرت بی بی والدین کی اکلوتی اولاد ہونے کے باعث جائیداد کی مالک تھی جوکہ شادی کے بعد ملزمان کو اپنے ہاتھوں سے جائیداد نکلنے کے رنج پر حملہ کیا۔ مقتولہ مسرت بی بی کی دو روز بعد رخصتی تھی۔ مقتولین کی میتوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ مومن میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاءکے حوالے کردیا گیا ہے۔ کوٹ مومن پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے 8 نامزد اور 3 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
3 افراد قتل