لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت اور ونڈ ٹیکنالوجی میں دنیا کی سب سے معروف ڈنمارک کی کمپنی کے مابین ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے میں تعاون پر دستخط کی تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ شہبازشریف نے خصوصی طور پر ڈنمارک کے سفیر جیسپر مولرسورنسن کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ ڈینش سفیر کی ذاتی دلچسپی کے باعث پنجاب میں ونڈ کوریڈورز کی نشاندہی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے پوٹینشل مقامات کی نشاندہی عوام کیلئے ایک خوشخبری سے کم نہیں۔ اس موقع پر ڈینش سفیر جیسپر مولرسورنسن نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ونڈ کوریڈورز کی نشاندہی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہوا سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ توانائی بحران سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔