راولپنڈی (بی بی سی+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے اقتصادی راہداری پر کام کرنے والوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے خلاف سازشوں سے آگاہ ہیں، اس شاندار منصوبے راہداری کا خواب پورا کرنے کےلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے نئے سپیشل سکیورٹی ڈویژن ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو اقتصادی راہداری کے سکیورٹی کے مختلف پہلوﺅں پر بریفنگ دی گئی۔ سکیورٹی ڈویژن اقتصادی راہداری کی حفاظت کےلئے قائم کیا گیا ہے۔ آرمی چیف نے سپیشل سکیورٹی ڈویژن ہیڈکوارٹر کے دورہ کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری پر کام کرنے والوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے خلاف سازشوں سے آگاہ ہیں۔ خواب کو حقیقت بنانے کےلئے ہر قیمت ادا کریں گے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کو ملک و قوم کےلئے فائدہ مند بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا ترقیاتی منصوبوں کیلئے پرامن ماحول کی ضرورت ہوتی ہے۔ اقتصادی راہداری سے پاکستان اور اس کے عوام کو خوشحالی ملے گی۔ اقتصادی راہداری کے تحت لگنے والے منصوبوں کیلئے پرامن ماحول یقینی بنایا جائے گا۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ایک گیم چینجر ثابت ہو گا۔ اُنہوں نے کہا کہ تکمیل کے لئے پرامن ماحول فراہم کیا جائے۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ دوسرے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بھی مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ اس منصوبے کے ثمرات تمام لوگوں کو پہنچیں۔ خصوصی سکیورٹی ڈویژن کے سربراہ میجر جنرل عابد رفیق نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کے سکیورٹی امور سے متعلق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر 10 کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اقبال بھی موجود تھے۔
آرمی چیف