اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نواز شریف نے عوام کو تعلیم و صحت سمیت بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نبرد آزما ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کا سفر جاری رہے گا، حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ اور توانائی کی قلت کو دور کرنے کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے جن کے نتیجے میں پاکستان محفوظ، ترقی یافتہ اور خوبصورت ملک بنے گا۔ تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات کی فراہمی اور صحت کے پروگرام کا دائرہ پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔ انہوں نے یہ بات اذان خان شہید ماڈل سکول ایف ایٹ تھری میں مونٹیسوری کلاسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گردی میں کمی آئی، لوگوں کی زندگیاں محفوظ ہوئی ہیں۔ پاکستان اسی طرح آگے بڑھتا رہے گا اور دہشت گردی ختم ہو جائے گی۔ پہلے ملک میں 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی تھی، موجودہ حکومت کے اقدامات سے اس میں بہت کمی آئی ہے اور اگلے دو سال میں اس کا خاتمہ ہو جائے گا۔ تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت جو سکول تیار ہو چکے ہیں ان میں تعمیراتی کام کے معیار کا جائزہ لیا جائے اور اگر کسی قسم کے نقائص موجود ہیں تو انہیں بھی دور کیا جائے۔ غیر معیاری تعمیر قابل قبول نہیں ہوگی، سکولوں کے لئے فنڈز کا صحیح استعمال نظر آنا چاہئے۔ وزیراعظم نے اسلام آباد کے نومنتخب میئر شیخ انصر عزیز کو مبارکباد دیتے ہوئے سکولوں کے دوروں کی ہدایت کی اور کہا کہ وزیر مملکت برائے کیڈ ذاتی طور پر سکولوں کا جائزہ لیں، کام مکمل ہونے والے 22 سکولوں کا معائنہ کیا جائے، سکولوں کیلئے فراہم کئے گئے فنڈز کا صحیح استعمال نظر آنا چاہیے، سکولوں کی عمارتوں کی نگہداشت کیلئے فنڈز کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔ سکولوں کی دیواروں پر خاردار تاروں کی تنصیب سکیورٹی کیلئے ضروی ہے۔ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے مزید فنڈز فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں، سکولوں میں پینے کا صاف پانی، معیاری لیبارٹری یقینی بنائی جائے، سکولوں میں کھیلوں اور سیاحت کی سرگرمیوں کیلئے سامان مفت فراہم کیا جائے۔ حکومت نے مفت صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کا پروگرام شروع کیا ہے، اس پروگرام کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد کے سکولوں میں تعمیری نقائص کو فوری طور پردور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے کی طرف سے سکولوں میں غیر معیاری تعمیر قابل قبول نہیں۔ تقریب کے دوران ”سکول پہلے اور آداب“ دستاویزی فلم دکھائی گئی، سکولوں میں مونٹیسوری کلاسز کا اجراءوزیراعظم نواز شریف کا عوام کےلئے بہترین تحفہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے، اساتذہ کی حاضری یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم نے بچوں کیلئے کھیلوں کی کٹس مہیا کرنے کا اعلان کیا، ٹاپ 30 بچوں کو یہ کٹس دی جائے گی۔