کیرولینا (بی بی سی) امریکہ میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کیتھولک مسیحی پیشوا پوپ فرانسس کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان پوپ فرانسس کی جانب سے انکے عیسائی ہونے پر سوالیہ نشان لگانے کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا ہے۔ واضح رہے پوپ فرانسس نے ڈونلڈ ٹرمپ کے میکسیکو کی سرحد کے قریب دیوار بنوانے کے بیان کے بعد کہا تھا ایک شخص جو پل تعمیر کرنے کے بجائے دیواریں کھڑی کرنے کی بات کرتا ہے وہ عیسائی نہیں ہو سکتا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے عیسائی ہونے پر فخر کرتے ہوئے پوپ کے اس بیان کا ذمہ دار میکسکو کو ٹھہراتے ہوئے انہیں شرمناک قرار دیا تھا۔ تاہم اس بیان کے چند گھنٹے کے بعد ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کیرولینا میں مصالحت آمیز انداز اپنایا ہے۔ رپبلکن ووٹر صدارتی امیدوار کا انتخاب آئندہ چند دنوں میں کرنے والے ہیں۔ انہوں نے جمعرات کی شام کو قومی ٹی وی پر سوالوں کے جوابات دئیے۔ جب ڈونلڈ ٹرمپ سے پوپ فرانسس کے ساتھ انکے تنازع کے بارے میں سوال کیاگیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اسے لڑائی نہیں مانتے اور انہیں پوپ کے ساتھ لڑائی کرنا پسند نہیں ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا میں پوپ فرانسس کی بہت عزت کرتا ہوں۔ وہ ایک بڑی شخصیت کے مالک ہیں اور میرا خیال ہے کہ وہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں، ان کے اندر بہت توانائی ہے۔