مسئلہ کشمیر کا واحد حل مذاکرات ہیں‘ یشونت سنہا اپنی تقدیر کا خود فیصلہ کرنیکا وقت آ گیا:محبوبہ

Feb 20, 2017

سرینگر (اے این این+ کے پی آئی) مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ دوسری جانب مرکز کو ایک مرتبہ پھر کشمیر پر مذاکرات شروع کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے سابق وزیر خارجہ اور سینئر بھاجپا لیڈر یشونت سنہا نے کہا ہے کہ وادی میں جاری خون خرابے پر صرف اور صرف بات چیت کے ذریعے قابو پایا جاسکتا ہے۔ یشونت سنہا نے یہ بات دہرائی کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جوایک سیاسی حل کا ہی تقاضا کرتا ہے۔ سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا موجودہ خون خرابے کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا مسئلہ کشمیر کسی اور نے نہیں ہم کشمیریوں نے ہی حل کرنا ہے، وقت آگیا ہے‘ کشمیری عوام اپنی تقدیر کا فیصلہ کریں۔انہوں نے کہا ترقی کیلئے امن ضروری ہے۔جموں پُرامن ہے اور وہ ترقی کررہا ہے۔ ممبر اسمبلی انجینئر رشید نے دلی کی ایک عدالت کی جانب سے 3کشمیریوں کو دلی دھماکہ میں ملوث ہونے کے الزام سے بری کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک طرف انصاف اور سچائی کی جیت ہے تو دوسری جانب اس بات کا ایک اور ثبوت ہے کہ سکیورٹی ایجنسیاں کشمیری نوجوانوں کو جھوٹے الزامات میں پھنسا کر انکا مستقبل تباہ کرتی رہی ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین سید علی گیلانی نے کوٹ بلوال جیل میں قید تحریک حریت کارکن عبدالرحمان تانترے کی خرابی صحت پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میںرواں سال کے پہلے 50دنوں میں قابض بھارتی آرمی کے 26اہلکار ہلاک ہوئے ہیںجبکہ بھارتی فوج نے 22 عسکریت پسندوں کو شہید کرنے کادعویٰ کیا ہے۔ بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے 50آپریشن کئے،16آپریشنز میں 22کشمیری عسکریت پسندوں کو شہید اور تین کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
کشمیر

مزیدخبریں